ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چیئرمین طارق بنوری کے سلب اختیارات بحال کردیے
شیئر کریں
سابق دور حکومت میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کے اختیارات سلب کرنے کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چیئرمین طارق بنوری کے سلب کیے گئے اختیارات بحال کردیے ہیں ،جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تو وکیل ہائر ایجوکیشن کمیشن نے عدالت کو چیئرمین کے اختیارات بحالی متعلق آگاہ کیا ، اس دوران ڈاکٹر عطا الرحمن سمیت چار ممبران کی ایچ ای سی میں تعیناتی کے خلاف معاملے میں بھی اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب عدالت کو بتایا گیا کہ4 ممبران میں سے ایچ ای سی کی ایک ممبر نادرہ پنجوانی نے استعفیٰ دے کر عدالت کو آگاہ کردیا، اس پر درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی نے موقف اپنایا کہ ممبر کے استعفیٰ سے درخواست گزاروں کو اخلاقی تقویت ملتی ہے، اس دوران ایچ ای سی کے وکیل نے کہا کہ ایچ ای سی کے جس فیصلہ کو چیلنج کیا گیا،اس کو ادارے نے خود ہی واپس لے لیا اس لیے درخواست نمٹا دیں، وکیل نے کہا کہ ایچ ای سی نے چیئرمین کے اختیارات کو بحال کر کے اچھا قدم اٹھایا، اس سے ہماری پٹیشن کو تقویت ملتی ہے، جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست کامیاب ہو گئی، اب اس کو نمٹا دیں؟ تو درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہماری درخواست میں اور بھی چیزیں مانگی گئی ہیں۔ڈاکٹرعطا الرحمن کی بطور رکن تقرری خلاف قانون ہے۔ اس لیے ہم کیس چلانا چاہتے ہیں اور قانونی جنگ جاری رکھیں گے،عدالت نے فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔