ہارون اسلم اوراعجاز اعوان نے سوشل میڈیا پر خود سے منسوب بیانات کو جعلی قرار دے دیا
شیئر کریں
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم اور میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے خود سے منسوب کیے گئے فوج مخالف بیانات کو جعلی قرار دے دیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ مذکورہ ریٹائرڈ فوجی افسران کے نام سے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف جعلی آڈیو پیغامات وائرل ہوئے تھے۔ تاہم اب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم اور میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغامات میں ان آڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔ میجرجنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان سے منسوب آڈیو بیان جعلی ہے، فوج میری شناخت اور پہلا پیار ہے، اس قسم کی پوسٹ نہیں کرسکتا۔ دوسری جانب اس حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے منسوب جعلی آڈیو ریکارڈنگز چلائی جارہی ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 40 سال فوج میں خدمات انجام دی ہیں، آڈیوز میں چلائی جانے والی آواز میری نہیں ہے اور میں اس قسم کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرتا۔