سڑکوں پر سخت ردعمل دینے پر متحدہ اپوزیشن کی مشاورت
شیئر کریں
متحدہ اپوزیشن نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے سڑکوں پر سخت ردعمل دینے پر مشاورت شروع کردی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی عدالتی فیصلے کے انتظار کی بجائے سڑکوں پر آنے پر مشاورت ہوئی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری، میاں محمد شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں کے درمیان مشاورت ہوئی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے مرحلہ وار احتجاج کی تجویز متحدہ اپوزیشن کے سامنے رکھی ہے۔ آصف علی زرداری نے تجویز دی ہے کہ پہلے مرحلہ میں صوبائی سطح پر احتجاج کا آغاز کیا جائے اوردوسرے مرحلہ میں عوام کو اسلام آباد میں اکٹھا کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کی تجاویز پر متحدہ اپوزیشن رہنمائوں کا اتفاق رائے بھی ہو گیا ہے لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن نے گرینڈ اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ گرینڈ اپوزیشن اجلاس رواں ہفتے ہی طلب کیے جانے کا امکان ہے جس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بھی خطاب کرسکتے ہیں۔