شہرمیں بڑھتے اسٹریٹ کرائم پرتاجربرادری پھٹ پڑی، احتجاج کاااعلان
شیئر کریں
آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے تاجروں اور شہریوںسے اپیل کی ہے کہ اپنے پیارے شہر کراچی میں جاری بدترین اسٹریٹ کرائم کے خلاف منگل 8مارچ 2022سہ پہر 3بجے خالقدینا ہال پہنچ کر پُرامن احتجاجی ریلی میں شرکت کریںاور شہر کراچی کے حق میں ہماری آواز میں اپنی آواز ملائیں، انھوں نے کہا کہ کراچی ہمارا محسن ہے اس کا احسان اتارنا ممکن نہیں، اسے بدامنی کے شعلوں میں جلتا ہوا نہیں دیکھ سکتے، خود ہتھیار اٹھالیں گے لیکن اپنے بچوں اور اہلِ خانہ کی جان ڈاکوئوں، لٹیروں اور قاتلوں کے حوالے نہیں کرینگے، انھوں نے کہا کہ شہر میں امن کیلئے رینجرز، پولیس، شہریوں اور تاجروں نے اپنے قیمتی خون کی گرانقدر قربانیاں دیں، یہ خون رائیگاں نہیں جانے دینگے، بدقسمتی سے پولیس اور رینجرز ایک بار پھر اختیارات سے محروم ہوکر عوام کے لٹنے کا تماشا دیکھ رہے ہیں جس کے نتیجے میں شہر ایک بار پھر جرائم کا جنگل بن گیا ہے، انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر سے بدامنی کے مکمل خاتمے تک قیامِ امن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انھوں نے شہر کا درد رکھنے والے تمام طبقات سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف اپنی اپنی سطح پر آواز اٹھائیں یا ہمارا ساتھ دیں تو حکومت کو بدامنی کے خاتمے کیلئے 2013جیسی حکمت عملی اختیار کرنے پر مجبور کردینگے،انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام 2008کا وہ قیامت خیزوقت کبھی نہیں بھول سکتے جب جرائم پیشہ عناصر نے روشنیوں کے شہر کراچی کو جہنم بنادیا تھا، کتنی مائوں کی گود ویران ہوگئی، کتنی بیٹیوں کا سہاگ اجڑ گیا، کتنے بچے یتیم ہوگئے، کتنی بہنوں کے بھائی بچھڑ گئے، بیشمار تاجر، صنعتکار اور سرمایہ کار مایوس ہوکر شہر چھوڑ گئے، اب وہی ڈاکو ، لٹیرے اور دہشت گرد جن کی تعداد 8 ہزار سے زائد بتائی جارہی ہے عدالتوں سے ضمانت کرواکے جرائم کی دنیا میں واپس آگئے ہیں انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنگدل لٹیرے ڈکیتی کی واردات کے دوران شہریوں کو بے دریغ قتل کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ قبل اس کے کہ شہر پھر بدامنی کی جہنم بن جائے ہمیں ماضی کی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، شدید ترین اسٹریٹ کرائم اور بدامنی کا شکار ہوکر شہر ایک بار پھر ہم سب کو پکاررہا ہے، تاجرانِ شہر اور شہری اپنے گھرانے کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنے روشن کاروباری مستقبل کیلئے اپنے پیارے شہر کراچی کے امن، خوشحالی اور رونقوں کی بحالی کیلئے احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر اس جہاد میں اپنا حصہ ڈالیں اور اللہ کے حضور سرخرو ہوجائیں۔