سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈضمیر عباسی کی تعیناتی معطل
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی کی بطور سیکشن افسر کے طور پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، جبکہ ضمیر عباسی آج عدالت کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی کی 2016 میں سیکشن آفیسر بھرتی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کی جانب سے ضمیر عباسی کی بطور سیکشن آفیسر تعیناتی کا نوٹفیکشن معطل کرکے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کردئیے ہیں، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو 29 مارچ کے لئے نوٹس جاری کردئیے ۔ درخواست گذار کے مطابق سندھ حکومت نے یکم ستمبر 2016 کو ضمیر عباسی کو گریڈ 17 میں سیکشن آفیسر تعینات کیا تھا،سندھ حکومت نے ضمیر عباسی کو 2017 میں آوٹ آف ٹرن پروموشن دے کر اگلے گریڈ میں ترقی دے دی،ضمیر عباسی کی بھرتی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ جبکہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی کا کہنا ہے کہ وہ عدالت کے احکامات کا احترام کرتے ہیں لیکن اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے آج عدالت کے حکم کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔ واضح رہے کہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر عباسی پہلے قومی احتساب بیورو (نیب) میں خدمات سرانجام دے رہے تھے، بعد میں وہ نیب کی ملازمت چھوڑ کرحکومت سندھ میں تعینات ہوئے۔