پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے،صدرمملکت
شیئر کریں
کشمیری عوام جبر اور ناجائز قبضے کیخلاف اس جرات مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے
صد ر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے،کشمیری عوام جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف اس جرات مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے،تنازع کشمیر بھارتی ہٹ دھرمی اوراسکی جانب سے بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حل نہ ہو سکاعالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ ہم کشمیریوں کو خودارادیت کے جائز حق کے حصول کیلئے بے مثال عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمیں کامل یقین ہے کہ کشمیری عوام جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف اس جرات مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ تنازعہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے۔ یہ تنازع بھارتی ہٹ دھرمی اوراسکی جانب سے بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حل نہ ہو سکا۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔ اس عرصے میں کشمیری عوام نے مستقل مزاجی سے بھارتی بربریت کا مقابلہ کیا۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے ہر طرح کے غیرانسانی حربے اور سفاکانہ قوانین استعمال کیے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے اور ماورائے عدالت قتل، خلاف قاعدہ و ظالمانہ حراست اور جعلی مقابلوں میں ملوث ہے۔