والدہ کی وڈیو وائر ل کرنے پر شرمیلا فاروقی کانادیہ خان کو لیگل نوٹس
شیئر کریں
پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ کی ویڈیو وائرل کرنے کے معاملے پر اداکارہ نادیہ خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا ہے کہ اداکارہ 15 دن میں ان سے متعلق دیئے گئے بیانات واپس لیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 15 روز میں 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نادیہ خان کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ پیپلزپارٹی رہنما کی والدہ سے میک اپ اور ملبوسات کے بارے میں پوچھ رہی تھیں، شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں شکایت درج کروائی تھی۔اداکارہ نادیہ خان نے انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ شرمیلا کی والدہ میرے سامنے ہی کھڑی تھیں میں نے ان سے کہا کہ میں آپ کی بڑی مداح ہوں چلیں تصویر بناتے ہیں، اس کے بعد میں سب کی ویڈیوز بنا رہی تھی انیسہ فاروقی موجود تھیں۔انہوں نے کہاکہ میں ان کو چھوڑ کر دوسری طرف چلی جاتی لیکن مجھے مناسب نہیں لگا کہ میں سب سے بات کررہی ہوں اور انہیں چھوڑ کر چلی جائوں۔نادیہ خان نے کہاکہ میں نے ان کو عزت دی اور ان کی تعریف کرکے ان کو خوش کرنے کی کوشش کی۔۔پیپلزپارٹی رہنمانے کہاکہ افسوس اس بات کا ہے کہ جب لوگ بالکل بے حس ہوجاتے ہیں تو پھر وہ کسی کی ماں، بہن اور بیٹی کو نہیں دیکھتے اور اپنی شہرت کو فروغ دینے کے لیے وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔