محکمہ ماحولیات ،نان کیڈر ڈی جی کا فرنٹ مین کروڑوںکے اثاثوں کامالک نکلا
شیئر کریں
محکمہ ماحولیات سندھ کے ماتحت ادارے سیپا میں نان کیڈر ڈی جی نعیم مغل کے مبینہ فرنٹ مین محمد حبیب اللہ نے کروڑوں روپے کے اثاثے بنالیے، بڑے پیمانے پر املاک بنانے کا انکشاف کے بعد سائیڈ لائن کردیا گیا۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کے ماتحت ادارے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی (سیپا ) کے نان کیڈر ڈائریکٹر جنرل نعیم مغل کی سیپا میں 4 بار تعیناتی کے دوران سابقہ جونیئر کلرک اور موجود ہ گزیٹڈ افسر محمد حبیب اللہ خان عرف حبیب اللہ بہاری نے نعیم مغل کے سیکریٹری کے طور پر سیپا سے دن دگنی رات چوگنی ترقی کرلی ہے،سیپا میں کئی اعلیٰ افسران حبیب اللہ بہاری کی املاک کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد چونک گئے ۔ محکمہ ماحولیات کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حبیب اللہ بہاری نے نیشنل اسٹیڈیم کے عقب میں 13 کروڑ روپے کا بنگلہ بھی سیپا میں آنے کے بعد خرید کیا، وہ کشمیر روڈ پر واقع کیتھولک سوسائٹی میں پونے دو کروڑ روپے کے فلیٹ کے مالک بھی ہیں، گریڈ 17 کے افسر حبیب اللہ بہاری کے پاس 2گاڑیاں بھی موجو د ہیں، نعیم مغل کے مبینہ فرنٹ مین حبیب اللہ بہاری نے کراچی کے تین ہائوسنگ اسکیموں رافع ٹائون ، سعدی ٹائون اور اللہ والا ٹائون میں کئی پلاٹس بھی خرید لیے ہیں، شہر کے پوش علاقے ناظم آباد میں بڑے منصوبوں میں فلیٹ بھی خرید لیے ہیں۔ افسر نے بتایا کہ حبیب اللہ بہاری 25 سال پہلے ادارے میں تعیناتی کے وقت اورنگی ٹائون میں کچے مکان میں رہتے تھے اور ان کی اہلیہ ایک وفاقی ادارے میں کانٹریکٹ پر ملازمہ تھی،وہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے ، ای آئی اے، آئی ڈبل ای دیتے ہوئے درخواست گزار سے ڈیل کرتا تھا، تمام فیکٹریز کی ماحولیاتی نگرانی کی فائلز بھی حبیب اللہ بہاری کے پاس آتی تھی ، حبیب اللہ بہاری کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد سیپا کے نان کیڈر ڈی جی حبیب اللہ بہاری کو تمام معاملات میں سائیڈ لائین کرتے ہوئے معاملات کیمسٹ کے طور پر بھرتی ہونے ڈپٹی ڈائریکٹر کے حوالے کئے ہیں۔