رشوت وصولی کا نیا طریقہ ،کراچی سینٹرل جیل میں نئے قیدی سزا یافتہ قیدیوں کے حوالے
شیئر کریں
کراچی سینٹرل جیل میں نئے آنے والے قیدیوں کو رشوت کی وصولی کیلئے خطرناک سزا یافتہ قیدیوں کے حوالے کئے جانے کا انکشاف، اس ضمن میں جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل میں آنے والے نئے قیدیوں کو جیل کی ماڑی میں قائم کراٹین میں رکھا جاتا ہے اور ان کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد ان کو جیل احاطے میں قائم بیرک سبحان اﷲ وارڈ میں منتقل کردیا جاتا ہے جہاں تین سزا یافتہ خطرناک قیدی سلیم، طارق اور جمیل ہیں جو نئے آنے والے قیدیوں سے جیل میں مشقت نہ کرنے کے عوض بھاری رشوت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کئی نئے آنے والے قیدیوں سے ان کے گھر کا ایڈریس اور فون نمبر بھی لیے جاتے ہیں تاکہ قیدی اپنے گھر سے پیسے منگواسکے۔ ذرائع کے مطابق رشوت نہ دینے والے قیدیوں پر بیرک میں تشدد کیا جاتا ہے اور ان کو کان پکڑاکر مرغا بنایا جاتا ہے، تشدد کے بعد ان کو جیل میں مشقت پر لگادیا جاتا ہے جہاں ان سے صبح وشام کام لیا جاتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ قیدی سلیم اور طارق کے خلاف پولیس انسپکٹر کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ جمیل بھی سنگین مقدمات میں سزا یافتہ ہے، جبکہ سینٹرل جیل حکام نے سلیم اور طارق کو لانڈھی جیل سے سینٹرل جیل منتقل کرایا ہے تاکہ نئے آنے والے قیدیوں میں خوف پیدا ہوسکے۔