مقبوضہ جموں کشمیرمیں،وسیع آرمی آپریشن، 9 بھارتی فوجی ہلاک2 لاپتہ
شیئر کریں
مقبوضہ کشمیر میں دو بھارتی فوجیوں کی گمشدگی اور نو ہلاکتوں کے بعد قابض سکیورٹی فورسز نے جموں کے علاقے پونچھ میں 16 اکتوبر ہفتے کی صبح ایک بڑے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان تصادم کا آغاز گزشتہ پیر کو ہوا تھا۔بھارتی فوج نے اس آپریشن میں اب تک اپنے دو سینیئر اہلکاروں سمیت نو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی عسکریت پسند کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا جا سکا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کی شام اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک کمیشنڈ افسر سمیت دو فوجی اس آپریشن میں ہلاک ہو گئے، جس کی ابتدا پیر کے روز ہوئی تھی۔ تاہم فوج ابھی تک ہلاک شدگان کی لاشوں تک نہیں پہنچ سکی اور اس کے مطابق عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے سبب یہ کام کافی مشکل ہو گیا ہے۔جموں ڈویژن کے پونچھ اور راجوڑی کے درمیان سرحدی علاقوں کے گھنے جنگلوں میں اس تصادم کی ابتدا 11 اکتوبر پیر کے روز ہوئی تھی ،اس وقت فوج نے اپنے ایک سینیئر افسر سمیت سات فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ اس طرح اس تصادم میں اب تک نو فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور چھ دن بعد بھی آپریشن ابھی جاری ہے۔