ملک کی پہلی بجلی پالیسی منظور، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ، مناسب نرخ پر بجلی ملے گی
شیئر کریں
(رپورٹ:علی کیریو)مشترکہ مفادات کونسل نے ملک کی پہلی قومی بجلی پالیسی 2021 کی منظوری دے دی ہے، بجلی پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ ختم کرکے ملک بھر میں صارفین کو مناسب نرخ پر بجلی فراہم کی جائے گی، بجلی بلز کی مد میں صوبوں کی بقایاجات این ایف سی سے منہا نہ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے،نجکاری کے باوجود کے الیکٹرک سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیز کا ٹیرف حکومت مقرر کرے گی۔ جراٗت کو موصول بجلی پالیسی دستاویز کے مطابق مشترکہ مفادات کائونسل کے اجلاس میں نیپراایکٹ 14(ای) کے تحت پہلی قومی بجلی پالیسی منظور کرلی گئی ہے،وفاقی حکومت نے بجلی کے شعبے کی ترقی، اصلاحات،بہتری اور توانائی کے شعبے میں استحکام کے لئے جامع پالیسی تیار کی ہے، پالیسی کے تحت ملک بھر میں دیہات سمیت شہروں کو بجلی مناسب نرخ پر فراہم کی جائے گی، مناسب نرخ پر بجلی فراہمی سماجی و معاشی ترقی کا بنیاد ہوگا، حکومت عوام کو مناسب نرخ پر بجلی فراہمی کے لئے کوشش کرے گی تاکہ عوام اپنی حیثیت کے مطابق بجلی کا بل ادا کرسکے۔ بجلی پالیسی کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے گی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ توانائی کے شعبے کا اہم حدف ہوگا، حکومت پانی، ری نیوایبل انرجی، کوئلے، قدرتی گیس اور ائٹم سمیت دیگر وسائل کو استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کرے گی، بجلی کے شعبے میں استحکام اہمیت کا حامل ہے اور شعبے سے وابسطہ تمام اسٹیک ہولڈرز سرکلر ڈیبٹ، مالی خود مختیاری،فنی اور آپریشنل استحکام اور ماحولیاتی بہتری کے لئے کوشش کریں گے۔ دستاویز کے مطابق حکومت صارفین اور مختلف ریجن کے لئے ایک ہی نرخ مقرر کرے گی اس کے بعد ریگیولیٹر (کواٹرلی ) ایڈجسٹمنٹ سمیت وہ ہی نرخ مقرر کے گا، براہ راست یا بالواسطہ سبڈیز دینے اور نجکاری کے بعد بھی کے الیکٹرک کے لئے بھی حکومت نرخ مقرر کرے گی ۔ پالیسی کے مطابق توانائی کے شعبے میں شفافیت لائی جائے گی ، شفافیت سے ہی سرمایہ کاری ہوگی اور صارفین کا اعتمادقائم ہوگا، پالیسی میں مقاصد کے حصول کے لئے 9 نقاط پر زور دیا گیا ہے، جس میںبجلی پیداوار،ٹرانسمیشن، تقسیم و فراہمی، سسٹم آپریشن، مارکیٹ ڈولپمنٹ اینڈ آپریشن، سروس کے نرخ، سبسڈیز، توانائی کو محفوظ کرنا، مضبو ط منصوبابندی اور بہتر حکمرانی شامل ہے۔ بجلی پالیسی کے مطابق تھر کے کوئلے اور مقامی طور پر نکلنے والی گیس کا بہتر استعمال کرکے سستی بجلی پیدا کی جائے گی، بجلی کے لائن لاسز اور وصولی میں کمی کوختم کرنے کے لئے تقسیم کار کمپنیز ٹیکنالوجی ، انتظامی وسائل اور دیگر ذرائع کو استعمال کریں گے، توانائی کے شعبے کا مالی استحکام سروس فراہمی کے بعد مکمل وصولی سے منسلک ہوگا ۔