ملک ریاض کیلئے نئی افتاد،بحریہ ٹائون متاثرین قوم پرست تنظیموں سے مل گئے
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) بحریہ ٹاؤن کے متاثرین نے بھی قوم پرست تنظیموں کا ہاتھ تھام لیا 6جون کو احتجاج میں ساتھ دینے کی حکمت عملی تیار ہو گئی تمام تر ادائیگیوں کے بعد عرصہ دراز سے قبضہ نہ ملنے پر ملک ریاض کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کی 25سے زائد قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کے اطراف مختلف گوٹھوں پر قبضے کیخلاف مرکزی دروازے کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بحریہ متاثرین کی جانب سے شرکت کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔اس ضمن میں بحریہ ٹاؤن کے متاثرین نے آپس میں رابطے تیز کر دیے ہیں جبکہ دور دراز سے تعلق رکھنے والے متاثرین کو اتوار کے روز ہونے والے احتجاج میں شرکت یقینی بنانے سے متعلق ہدایات کی جا رہی ہیں۔بحریہ ٹاؤن کی زیادتیوں کو اجاگر کرنے والے سندھ انڈیجینئس رائٹس الائنس کی احتجاج کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جس میں یہ تجویز زیر غور ہے کہ بحریہ ٹاؤن کیخلاف کیے جانے والے احتجاج کو انتظامیہ سے کسی قسم کے دستاویزی معاہدے کیے بغیر ختم نہیں کیا جائے گا۔حالیہ دنوں بحریہ ٹاؤن کے مظالم کو اجاگر کرنے والے الائنس کو مختلف جماعتوں کی جانب سے حمایت ملنے کا سلسلہ عروج پر پہنچا ہوا ہے جس کے تحت بحریہ ٹاؤن کیخلاف ہونے والے احتجاج کے کامیاب ہونے کے امکانات روشن ہیں۔