کراچی کوکچی آبادیوں ،گوٹھ آباد اسکیموں نے تباہ کردیا ،سندھ ہائیکورٹ
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ نے اورنگی ٹائون میں نالوں کے اطراف تجاوزات آپریشن سے متعلق مکانات مسمار کرنے کیخلاف مکینوں کی درخواست پر حکام کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔پیرکوجسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز راشدہ اس پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو اورنگی ٹائون میں نالوں کے اطراف تجاوزات آپریشن سے متعلق مکانات مسمار کرنے کیخلاف مکینوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار وںکے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاکہ تجاوزات کی آڑ میں لیز شدہ مکانوں کو بھی منہدم کیا جارہا ہے۔درخواست گزاروں کے پاس قانونی دستاویزات اور لیز موجودہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کچی آبادیوں اور گوٹھ آباد اسکیموں نے کراچی کو تباہ کردیا۔ سپریم کورٹ نے نالوں کی صفائی کا حکم دیا ہے۔ بے ہنگم تعمیرات اور خلاف ضابطہ منظوری نے کراچی کو بڑا نقصان پہنچایا۔ آپ کو نالوں پر لیز کس نے دی؟۔عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ یہ مکانات نالوں سے متصل ہیں جس کے دستاویزات موجود ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ بارش میں کیا حال ہوتا ہے کراچی کا آپ کو یاد نہیں؟ بارش میں تو اورنگی نالہ میں بچے بہہ گئے تھے۔عدالت نے مکینوں کی درخواست پر حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کے ایم سی اور دیگر کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو درخواست قابل سماعت ہونے پر مطمئن کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔