پاک فوج مکمل تیار ہے،سربراہ پاک فوج
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وطن اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن کے ناپاک عزائم سے واقف ہیں، تاہم پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے،آرمی چیف کنٹرول لائن پر فوجی جوانوںسے گفتگو کررہے تھے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کے کھوئی رٹہ سیکٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید گزاری، اس دوران گفتگو میںآرمی چیف نے فوجیوں کے مورال، پیشہ وارانہ تیاریوں پر ان کی تعریف بھی کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ عیدالاضحی قربانی کے عظیم فلسفے پر روشنی ڈالتی ہے اور غیرمشروط قربانی کا درس دیتی ہے، ایک سپاہی سے زیادہ قربانی کے سبق کو کوئی نہیں سمجھ سکتا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنے وطن اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن کے ناپاک عزائم سے واقف ہیں تاہم پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے۔آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ آئیے بھارتی مظالم کے تناظر میں کشمیریوں کا ہمیشہ ساتھ دینے کے عہد کی تجدید کریں، کشمیری جرات اور بہادری سے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کررہے ہیں،کشمیری تمام تر رکاوٹوں کے باجود اپنے حق کے خودارادیت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے، آرمی چیف نے این آئی سی، این آئی ایچ ڈی کا بھی دورہ کیا۔