حکمرانوں کی جیبوں کے بجائے پہلی مرتبہ قومی خزانہ بھر رہا ہے ،فردوس عاشق
شیئر کریں
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کے بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ بینک رینکنگ اس امرکا ثبوت ہے کہ پاکستان درست معاشی سمت پرگامزن ہے ، اس رپورٹ کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے عوام کوگمراہ کرنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی جیبوں کے بجائے قومی خزانہ بھر رہا ہے ، دنیا میں نئے پاکستان کا روشن اورترقی کرتا چہرہ ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پاکستان نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ورلڈ بینک کی ای اوڈی بی رینکنگ میں میں 28 درجے بہتری کی تاریخی ترقی حاصل کی ہے ۔ پاکستان 135 سے 108 ویں نمبر پر آگیا ، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے ۔