میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک گیر اسکریننگ کا فیصلہ

ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک گیر اسکریننگ کا فیصلہ

جرات ڈیسک
پیر, ۷ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

12 سال سے زائد عمر کے 16 کروڑ افراد کی اسکریننگ کا ہدف،

تشخیص، ٹیسٹنگ اور علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت نے ملک گیر سطح پر اسکریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کی ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ کی جائے گی۔

وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے مطابق ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جس کے پیش نظر بڑے پیمانے پر اسکریننگ، تشخیص اور علاج کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 16 کروڑ افراد کی اسکریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ یہ عمل تین مراحل میں مکمل ہوگا، جن میں اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے تشخیص اور علاج کے تمام اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔

فی مریض اسکریننگ اور ٹیسٹنگ پر تقریباً ساڑھے 7 ہزار روپے جبکہ علاج پر 64 ہزار روپے تک خرچ آنے کا تخمینہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی ملازمین کی بھی ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ کی جائے گی اور تمام وفاقی وزارتوں میں اس مقصد کے لیے خصوصی کیمپس قائم کیے جائیں گے۔

ٹیسٹ نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی سفارش بھی زیر غور ہے۔وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے ڈائریکٹر کے مطابق ملک کے ایئرپورٹس پر آنے والے تمام مسافروں کی بھی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کیے جانے کی تجویز ہے، جبکہ 18 سرکاری اسپتالوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولت پہلے ہی فراہم کردی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص اور علاج کی سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے نجی اسپتالوں میں بھی ٹیسٹنگ شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق ملک گیر اسکریننگ کا مقصد ہیپاٹائٹس سی کے غیر تشخیص شدہ مریضوں کی بروقت نشاندہی، علاج کی فراہمی اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں