وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع
شیئر کریں
وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے سے متعلق متعلقہ اہلکاروں کا احتساب شروع ہو گیا ۔وزیراعظم آفس کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ غیرمجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا دیتے ہیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلہ سے مشروط کر دیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس ضمن میں انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماتحت افسران شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتا، کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہو گی۔وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے ، انہیں حل یا ختم کرنیکا فیصلہ مجاز افسر ہی کر ے گا۔وزیراعظم کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کے لیے وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا ہے ۔ خط کے متن کے مطابق شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہو گا، غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی اور غفلت تصور ہو گی۔