مریم نواز کا اپنی گرفتاری کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
شیئر کریں
چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی جانب سے گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ضمانت کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جب تک عدالت درخواست ضمانت پر فیصلہ نہیں کرتی اس وقت تک عبوری ضمانت پر انہیں رہا کیا جائے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے گرفتار کیا ہے ۔نیب کو اب تک کی تحقیقات میں ایک بھی ثبوت نہیں ملا ہے ۔ بغیر کسی ثبوت کے کسی پاکستانی کو قید میں رکھنا غیر آئینی ہے ۔درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیر اعظم کی بیٹی ہے ۔ نواز شریف نے ملک کی ترقی کے لئے بہت اقدامات کئے ، ملزمہ کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے ۔منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ نیب قانون کی غلط تشریح کر کے انہیںگرفتار کیا گیا۔ مریم نواز نے درخواست میں مئوقف اختیار کیا ہے کہ پانامالیکس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کئے گئے تھے اور اس حوالہ سے نیب کے پاس چوہدری شوگر ملز سے متعلق کوئی ثبوت موجود نہیں ہے لہذا ان کی درخواست ضمانت منظور کی جائے اور میری گرفتاری غیر قانونی قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے ۔توقع ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا دورکنی بینچ آج منگل کو درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا ۔