مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی برادری فوری اقدامات کرے ، راحیل شریف
شیئر کریں
اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے کے لیے عالمی برادری فوری اقدامات کرے ۔اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر راحیل شریف نے سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، نریندر مودی کی سربراہی میں ہندوستانی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ عزت کے ساتھ کرسکتی ہے ، جنگ ستمبر کے دوران مسلح افواج کا قومی جذبہ اور بہادری بے مثال تھا، تمام شہدا کو مادر وطن کے لئے اپنی جانیں دینے پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔راحیل شریف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، بہادر مسلح افواج اور کشمیر کے مقصد کے لئے پاکستانی عوام کی کوششیں قابل تعریف ہیں، کشمیر تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے ، خطے میں استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔