پاکستان کا آج بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دینے کا اعلان
شیئر کریں
پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کوآج قونصلر رسائی دینے کا اعلان کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن تک پیر کو( آج) قونصلر رسائی دی جائے گی، یہ رسائی ویانا کنونشن عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت دی جارہی ہے ۔ بھارتی سفارتخانے کے حکام کلبھوشن سے ملیں گے ۔ کمانڈر جادیو جاسوسی اور دہشت گردی کے جرائم میں زیر حراست ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں پیر کو کلبھوشن تک بھارتی قونصلر رسائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ایسا عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت کیا جارہا ہے ، کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں رہے گا۔ کلبوشن جادھو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کرنے پر حراست میں ہے ۔یاد رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی رہائی اور بھارت واپسی کی بھارتی درخواست بھی مسترد کی تھی جبکہ کلبھوشن کی پاکستان کی فوجی عدالت سے سزا ختم کرنے کی بھارتی درخواست بھی رد کردی گئی تھی۔عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے اور اسے دی جانے والی سزا پر نظر ثانی کرے ۔اس فیصلے کے بعد پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن جادھو تک قونصلر رسائی کی مخلصانہ پیش کش کی تھی لیکن ہٹ دھرم بھارت نے اس پیش کش کو مسترد کردیا تھا۔