دنیا کا کوئی بھی ملک یا آمر امریکی عزم کو کمزور نہ سمجھے، ٹرمپ
شیئر کریں
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کوئی بھی، کوئی آمر، کوئی حکومت،امریکی عزم کو کمزور نہ سمجھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کو جاپان میں یوکوٹا فضائی اڈے پر امریکی فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا یہ بیان تقریباً دو ہفتوں پر محیط اس دورہ ایشیا کے آغاز پر سامنے آیا ہے جس میں توقع ہے کہ گفتگو کو محور شمالی کوریا رہے گا۔امریکی فوجیوں سے خطاب کے بعض مندرجات کو شمالی کوریا کے لیے ڈھکے چھپے الفاظ میں تنبیہ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔صدر نے فوجیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ ان ظالم حکمرانوں اور آمروں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، جو معصوم لوگوں کو شکار بناتے ہیں۔جاپان پہنچنے سے پہلے اپنے جہاز پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب صحافی نے پوچھا کہ وہ شمالی کوریا کے لوگوں کے لیے کوئی پیغام دینا چاہیں گے تو ان کا کہنا تھا وہ سمجھتے ہیں شمالی کوریا کے لوگ عظیم ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ وہ گرمجوش ہیں، اس سے کہیں زیادہ دنیا ان لوگوں کو جانتی اور سمجھتی ہے۔ وہ عظیم لوگ ہیں۔ اور یہ بہت زبردست رہے گا، اگر ہم ان لوگوں کے کام کر سکیں۔ ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ فلپائن میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ان کی اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوتن سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔یوکوٹا میں فوجیوں سے خطاب کے بعد صدر ٹوکیو کے قریب واقع سائتاما کے علاقے میں گئے جہاں جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے ان کا استقبال کیا۔ظہرانے کے بعد دونوں رہنما یہاں واقع گالف کورس میں چلے گئے اور 1929ء میں بنائے گئے اس کلب میں جاپان کے نامور گالفر ہیدیکی متسویاما کے ساتھ گالف کھیلی۔