سندھ میں اصلاحات کیلئے زرداری اور فریال کو جیل بھیجنا ہوگا، عمران خان
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جیل بھیجے بغیر سندھ میں اصلاحات ممکن نہیں۔فوج اور عدلیہ کے علاوہ تمام اداروں پر نواز شریف کا کنٹرول ہے۔ نواز شریف کی طرح زرداری بھی مافیا کا سربراہ ہے۔ سندھ میں پولیس سمیت تمام اداروں پر ان کا کنٹرول ہے، پولیس اور محکمہ آب پاشی کے ذریعے عوام کو کنٹرول کیا جاتا ہے، پولیس کے ذریعے جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں اور کسان کا پانی بند کردیا جاتا ہے۔پاناما سے فارغ ہوگئے ہیں،اب سندھ پربھرپور توجہ دیں گے،کراچی میں ٹوٹی سڑکوں کی بنیادی وجہ کرپشن ہے،بجٹ کی بندر بانٹ ہو جاتی ہے،چیئرمین نیب دبئی میں پاکستانیوں کی 8ارب ڈالر کی جائیدادکی تحقیقات کریں۔عائشہ گلالئی نے اعلان کیا تھاکہ ان کاپی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، شیخ رشید کو ووٹ دینے کا کہا گیا تو عائشہ گلالئی نے پالیسی سے انحراف کیا،الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد آئندہ کوئی بھی ٹکٹ لے کرمنتخب ہونے کے بعد کچھ بھی کرسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو تاجروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ پاناما سے فارغ ہوگئے ، اب پوری توجہ کراچی اور حیدرآباد سمیت اندرون سندھ دیگر شہروں پر ہوگی، کراچی میں ہر سطح پر میٹنگ ہوئی ہے، سیاست دانوں اور اقلیتوں سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں، اب سندھ کے تواتر کے ساتھ دورے کریں گے، انہوں نے 5 نومبر کو اوباڑو میں جلسے کا بھی اعلان کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی میں خراب سیوریج کے نظام سمیت ٹوٹی پھوٹی سڑکیں کرپشن کی وجہ سے ہیں،کراچی میں480ملین گیلن گندا پانی روزانہ سمندر میں جارہا ہے، مچھلی کے ذریعے روزگارکرنے والے تباہ ہورہے ہیں۔ جو پیسہ یہاں لگنا چاہیے تھا وہ باہر جارہا ہے۔ جب تک کراچی کا بلدیاتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔خیبرپختونخوامیں نیابلدیاتی نظام متعارف کرارہے ہیں، خیبر پختونخوا میں بہت سی چیزیں سیکھیں ہیں مستقبل میں کام کریںگے، یوسی چیئرمین اوروائس چیئرمین کے براہ راست الیکشن کروائیں گے، میئرکراچی بھی کہتے ہیں کہ ہمیں خیبر پختونخوا والا بلدیاتی نظام چاہیے، سسٹم کوتبدیل کریں گے،اختیارات نچلی سطح تک منتقل کریںگے، اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہونے سے عوام کے مسائل حل ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں 8 ارب ڈالر کی پراپرٹی چار سال میں لی گئی، یہ منی لانڈرنگ ہے جس کا دگنا نقصان ہے، چیئرمین نیب اس معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کرتے کہ یہ پیسہ کون لے کر جارہاہے؟ تحقیقات سے سب سامنے آجائے گا۔ اندرون سندھ بہت بری حالت ہے، جبکہ سندھ کی کرپشن کا پیسہ بھی باہر جارہا ہے، نیب کو ان تمام چیزوں پر تحقیقات کرنی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب تک اداروں کو غیر سیاسی نہیں کیا جائے گا اور پیشہ ورانہ طریقے سے نہیں چلایا جائے گا یہ ادارے قوم پر بوجھ بنے رہیں گے، اداروں کا حل نجکاری نہیں انہیں غیر سیاسی کرنا ہے، پی آئی اے اور اسٹیل مل کو ٹھیک کرنے کے لیے پیشہ ورانہ سیٹ اپ لانے کی ضرورت ہے، پی آئی اے میں سفارشی بھرتی کیے گئے جس سے نقصان ہوا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں جب تک غیر جانبدار ہوکر کام نہیں ہوگا تب تک بیماریاں ختم نہیں ہوں گی، جس طرح یہاں مجرم پھررہے ہیں ان پر ہاتھ ڈالنا ہے، کسی بھی دہشت گرد کے خلاف قدم اٹھاتے ہوئے یہ نہ دیکھا جائے کہ اس کا تعلق کس سیاسی جماعت سے ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب تک آصف زرداری اور فریال تالپور کو انصاف کے کٹہر ے میں کھڑا نہیں کریں گے اس وقت تک سندھ میں اصلاحات نہیں ہوں گی۔ اب تک مافیا کے گاڈ فادر نوازشریف سے مقابلہ ہورہا تھا جس پر پوری طاقت لگائی تھی، نوازشریف اکیلے نہیں ان کا پورا مافیا ہے، ہر ادارے میں ان کے لوگ بیٹھے ہیں، صرف فوج اور عدلیہ ان سے بچے ہوئے ہیں جن پر یہ سازش کا الزام لگاتے ہیں۔ہماری جنگ نوازشریف سے نہیں بلکہ ان کے اداروں پر کنٹرول کے خلاف تھی۔جس طرح نوازشریف پنجاب میں مافیا کے سردار ہیں اس طرح آصف زرداری سندھ میں ہیں، یہاں بھرتیاں، پوسٹنگ ٹرانسفر اور فنڈز ان کی منظوری کے بغیر نہیں ہوتے، کوئی ادارہ ایسا نہیں جس پر ان کا کنٹرول نہ ہو۔ پولیس اور محکمہ آب پاشی کے ذریعے عوام کو کنٹرول کیا جاتا ہے، پولیس کے ذریعے جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں اور کسان کا پانی بند کردیا جاتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک حکمران دیانتدار اور ایماندار نہیں ہوںگے پاکستان کی دنیا میں عزت مشکل ہوگی۔آصف زرداری اس وقت سندھ کا سب سے بڑا ڈاکو ہے۔بمبینو سینما میں بلیک میں ٹکٹ بیچنے والے آج اربوں کھربوں کے مالک بن گئے ہیں ۔جس کے باپ کی 150ایکڑ زمین تھی آج وہ ایک لاکھ ایکڑ زمین سے زائد کا مالک بن گیا ہے۔آصف زرداری نے لوٹ مار اور کرپشن سے 19شوگر ملز بھی بنائی ہیں جس میں 14شوگر ملز عزیر بلوچ نے قبضہ کر کے آصف زرداری کو دی ہیں۔عزیر بلوچ کروڑوں روپے کا ماہانہ بھتہ آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کو دیتا تھا۔ بلاول ہائوس کراچی کے آس پاس درجنوں بنگلے زبر دستی قبضہ کر کے اونے پونے داموں زرداری کے حوالے کیے۔ تحریک انصاف کو ایک مشکل صوبے میں حکومت ملی، لیکن ہم نے ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ وہاں ڈی لیور کر رہے ہیں ۔ ہم نے تعلیم پر سب سے زیادہ بجٹ خرچ کیا، اس کے بعد محکمہ صحت میں انقلابی اقدامات اٹھائے، پولیس نظام کو درست کیا ۔ آج کے پی کے میں کسی ایس ایچ او یا ڈی ایس پی کو سیاسی اثر ورسوخ پر تبدیل نہیں کر سکتے۔ ہم نے کے پی کے میں صوبائی اداروں کو کافی حد تک ٹھیک کیا اور انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی چاروں صوبوں سمیت وفاق میں حکومت بنائے گی۔ یہ باتیں ضلع غربی کے ورکرز کنونشن سلطان آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی، مرکزی رہنما لیاقت جتوئی، عمران اسماعیل، فیصل واوڈا ، حلیم عادل شیخ، سبحان علی ساحل، عزیز آفریدی، صائمہ ندیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں بلند عمارتوں کی تعمیر پر پابندی سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے اور بے روزگاری میں اضاضہ ہوگا،تعمیراتی صنعت لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے۔وہ بدھ کو ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے زیر اہتمام کراچی میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر عائد پابندی کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر آباد کے چیئرمین محمد عارف جیوا،سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند،سدرن ریجن کے چیئرمین الطاف تائی،سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر اور فردوس شمیم نقوی نے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر عائد پابندی کے ملکی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔