سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا، نیا این آر او آیا تو قوم کو سڑکوں پر لائونگا، شہباز کیخلاف حدیبیہ کیس کھولا جائے، عمران کان
شیئر کریں
کراچی/ سیہون (رپورٹ عبدالستار آزاد/ نامہ نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق صدر مشرف کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو این آر او دیتا ،لیکن اس مرتبہ کرپٹ مافیاکے خلاف پوری قوم ہمارے ساتھ ہے اگر این آر او ہوا تو پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکالوں گا سپریم کورٹ سے قوم مطالبہ کرتی ہے کہ شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپر مل کیس کھولا جائے آصف زرداری کا نواز شریف کی گرفتاری کا مطالبہ قیامت کی نشانی ہے زرداری نے نواز شریف سے بھی زیادہ پیسے چوری کئے آصف زرداری اور فریال تالپور اپنے غلط کاموں کے لئے سندھ پولیس کو استعمال کرتے ہیں،عام انتخابات 2018میں پی ٹی آئی سندھ میں تبدیلی لا کر سالوں بعد پیپلزپارٹی کو شکست دے گی۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے سیہون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے اگر پولیس کو غیر جانبدار بنادیا جائے تو پی پی صوبے میں ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکے گی۔ علاوہ ازیں کراچی میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس کے بعد کرپشن کا خاتمہ پاکستانی عوام کا نعرہ بن چکا ہے حدیبیہ پیپر ملز کے کیس میں نواز شریف کے ساتھ پورا کرپٹ مافیا شکنجے میں آجائے گا ایف بی آر کو بھتہ وصول کرنے والا دارہ بنادیا گیا ،جو غریب عوام کا خون چوس رہا ہے اس موقع پر بزنس مین گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی‘ صدر جاوید بلوانی‘ یونس بشیر‘ یوسف پرنس‘ سلیم پاریکھ اور دیگر صنعتکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صرف اپنے لوگوں کو نوازا جنہوں نے کرپشن کی انتہا کردی، انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کی تباہی کی وجہ سے بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ملک کے اندر صنعتیں بند ہونا شروع ہوگئی، آج پورے پاکستان کے صنعتکار اور تاجر پریشان ہیں، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن وامان کے حوالے سے 70 فیصد حالات بہتر ہوئے ہیں ہم سے پہلے کے پی کے میں صرف ایک کاروبار چل رہا تھا کہ لوگوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کیا جاتا تھا ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو معیشت کا کچھ پتا نہیں ہے حکومت نے کہا کہ تجارتی خسارہ ختم کرتے ہیں لیکن آج خسارہ دوبارہ وہیں پہنچ گیا ہے۔اس موقع پر بزنس مین گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ملک ڈائریکٹ ٹیکس سے ترقی کرتا ہے لیکن ہمارے ملک میں صرف ان ڈائریکٹ لگایا جاتا ہے جس کے اثرات عام آدمی پر پڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں نہیں ہوتے ہیں وہ بڑی اچھی اچھی باتیں کرتے ہیں لیکن حکومت میں آنے کے بعد بالکل بدل جاتے ہیں۔ آج کراچی کا صنعتکار شدید پریشان ہے کسی حکومت نے بھی کراچی کی صنعتوں کو بڑھانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ اس ملک کی معاشی حالات اتنے خراب ہیں کہ جو بچے پاکستان سے باہر پڑھنے جاتے ہیں ان میں 60 فیصد واپس نہیں آتے ہیں وہ اس ملک کے اندر کاروبار کرنا ہی نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں سب سے مہنگی بجلی اور گیس استعمال کررہے ہیں جو لوگ اس ملک کو چھوڑکر دوسرے ممالک میں جاکر کاروبار کررہے ہیں وہ ہم سے آگے جارہے ہیں۔