بدنیتی پر مبنی جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کا پندہ ہے‘ دانیال عزیز‘ مریم اورنگزیب
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے الزام عائد کیا ہے کہ جے آئی ٹی نے قوم کا وقت اور پیسا برباد کیا، نیا بھرتی ہونے والا اے ایس آئی جے آئی ٹی سے بہتر تفتیش کرسکتا ہے۔ اسلام آباد میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ جے آئی ٹی نے قوم کا وقت اور پیسا برباد کیا ہے اور صاف صاف عمران خان کابیان رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے صفحہ 3 پر تاثر دیا گیا کہ رپورٹ بروقت مکمل کی گئی، لیکن جے آئی ٹی نے خود کہا ہے کہ رپورٹ نامکمل ہے ،انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن خورشید شاہ ،سراج الحق پہلے جے آئی ٹی رپورٹ پڑھ لیں کیونکہ رپورٹ کے اہم حصے کا خانہ خالی ہے، جبکہ جے آئی ٹی میں سابق قطری وزیر اعظم کے بیان کو آن گوئنگ نہیں لکھا، کسی اور کا مسئلہ ہو تو گھر جا کربیان لے لیا جاتا ہے، ساتھ ساتھ ویڈیو لنک بھی ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو ٹوک بیان دے رہا ہوں کہ نواز شریف کسی کمپنی کے مالک نہیں، جبکہ یہ سب کچھ ون وے کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کو غلط بیانی کا نوٹس لینا چاہیے۔اس موقع پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے یہ سازشیں نئی نہیں نہ ہی آخری ہیں بلکہ سازشوں کے عنوان اور کرنے والے بدلتے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد دھرنا ہوا اور پھر دھرنا 2 ہوا لیکن آج دھرنا تھری کی تیاری کی جارہی ہے لیکن مخالفین کی آخری سازش بھی ناکام ہوگی اور اس بار سازش کرنیوالوں کے نام بھی عیاں ہوں گے، اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگنے والے پہلے جے آئے ٹی رپورٹ پڑھیں کیوں کہ انویسٹی گیشن رپورٹ دو ٹوک مؤقف دیتی ہیں نہ کہ امکان اور خدشات کا ذکر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو 13 سوالات کے جوابات ڈھونڈنے تھے، تاہم انہیں کردار کشی اور کسی کو جھوٹا یا فریبی کہنے کی اجازت کس نے دی۔