میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
 طعنہ اور لعنت دینے کی ممانعت!

 طعنہ اور لعنت دینے کی ممانعت!

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۷ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

 مولانا قاری محمدسلمان عثمانی

طعنہ زنی کرنا اور لعنت بھیجنا ایک مذموم صفت ہے، جس سے اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا،ہمارے معاشرہ میں ہر کسی کا تکیہ کلام بن چکا ہے کہ بات بات پر لعنت بھیجنا اور طعنہ زنی کرنا جو کبیرہ گناہ ہے اکثر مائیں اپنی اولادوں کو لعنتیں ڈال رہی ہوتی ہیں اور معاشرہ میں تقریبا ہر دوسرا شخص اسی بیماری میں مبتلاہے اور ن جانتے ہوئے کبیرہ گناہوں کے مرتکب ہو جاتے ہیں ،جس سے یقینا اللہ تعالیٰ ناراض ہو جاتے ہیں ، معاشرہ میں رہتے ہو ئے ایسے کام کئے جائیں جس سے اللہ اور اسکا رسول خوش ہو جن میں ان کی تابعداری و فرمانبرداری ہو،لیکن ہم لوگ دین اسلام سے مکمل غافل اور دور ہیں، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ترجمہ:‘‘اے ایمان والو! مردوں کا کوئی گروہ دوسرے گروہ کا مذاق نہ اڑائے، ہوسکتا ہے کہ جن کا مذاق اڑایا جارہا ہے، وہ اُن مذاق اڑانے والوں سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں ہوسکتا ہے کہ وہ ان سے بہترہوں اور تم ایک دوسرے کو طعنہ نہ دیا کرو اور نہ ایک دوسرے کو برے ناموں سے بلاؤ، ایمان کے بعد فاسق کہلانا کتنا برا نام ہے اور جو لوگ توبہ نہ کریں تو وہی ظالم ہیں (سورۃالحجرات:11)ہرطعنہ زن عیب جو کے لیے ہلاکت ہے،(سور ہ ھمزہ:1)

حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مومن نہ طعن کرنے والا ہوتا ہے، نہ لعنت کرنے والا، نہ فحش گفتگو کرنے والا بیہودہ ہوتا ہے، (سنن ترمذی:1977)ایک مرتبہ حضور ﷺ عیدالاضحی یا عید الفطر کی نماز کے لئے تشریف لیکر جارہے تھے عورتوں پر آپ کا گذر ہوا آپ نے فرمایا کہ اے عورتوں! صدقہ کرو کیونکہ مجھے دوزخ میں تم سب سے زیادہ دکھائی گئی ہو، عورتوں نے عرض کیا کیوں یارسول اللہﷺ آپ نے فرمایا ،ترجمہ: یعنی تم بہت لعنت کرتی ہو اور شوہر کی ناشکری کرتی ہو (بخاری و مسلم)عورت لعنت بہت کرتی ہیں یعنی کوسنا، پیٹنا، برا بھلا کہنا اور الٹی سیدھی باتیں زبان سے نکالنا یہ عورتوں کا خاص مشغلہ ہے، شوہر اولاد اوربھائی بہن، گھر، جانور، چوپایہ، آ گ پانی ہر چیز کو کوستی رہتی ہیں۔ اسے آگ نگے، وہ لگٹی لگا ہے، یہ ناس پیٹی ہے، اسے ڈھائی گھڑی کی آئے، وہ موت کالیا ہے، اس کا ناس ہو، وہ اللہ کا مارا ہے، اس پر پھٹکار ہو۔ اسی طرح کی ان گنت باتیں عورتوں کی زبان پر جاری رہتی ہیں اس میں بددعا کے کلمات بھی ہوتے ہیں، گالیاں بھی ہوتی ہیں۔ یہ بات اللہ کو ناپسند ہے حضور اقدس ﷺنے اس کو دوزخ میں داخل ہونے کا سبب بتایا۔

حضرت ابودرداءؓ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: ‘‘بہت لعن طعن کرنے والے قیامت کے دن نہ گواہ ہوں گے نہ شفیع(مسلم، کتاب البرّ والصّلۃ والآداب)حضرت عبداللہ بن مسعود ؓسے روایت ہے،حضرت عبداللہ بن عباس ؓنے فرمایا‘‘ایک دوسرے کے برے نام رکھنے سے مراد یہ ہے کہ اگر کسی آدمی نے کسی برائی سے توبہ کرلی ہو تو اسے توبہ کے بعد اس برائی سے عار دلا ئی جائے۔ یہاں  آیت میں اس چیز سے منع کیا گیا ہے۔حدیث ِپاک میں اس عمل کی وعید بھی بیان کی گئی ہے،جیسا کہ حضر ت معاذ بن جبل ؓ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا ‘‘جس شخص نے اپنے بھائی کواس کے کسی گناہ پرشرمندہ کیا تووہ شخص اس وقت تک نہیں مرے گاجب تک کہ وہ اس گناہ کا اِرتکاب نہ کرلے۔(ترمذی)ایک مرتبہ حضور ﷺصحابی خاتون کے پاس تشریف لے گئے ان کو ام السائب کہا جاتا تھا۔ آپ نے دیکھا کہ وہ کپکپا رہی ہیں۔ آپ نے دریافت فرمایا کیا بات ہے تم کو کپکپی کیوں آرہی ہے؟ جواب دیا: بخار چڑھ آیا ہے خدا اس کا برا کرے آپ نے فرمایا بخار کو برا نہ کہو کیونکہ وہ انسانوں کے گناہوں کو اس طرح ختم کردیتا ہے جیسے بھٹی لوہے کے میل کچیل کو ختم کردیتی ہے (صحیح مسلم )

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص حضور اقدس ﷺکی خدمت میں حاضر ہوا۔ اس نے ہوا پر لعنت کی،  آنحضرت ﷺنے فرمایا کہ ہوا پر لعنت نہ کرو کیونکہ وہ اللہ کی طرف سے ہی حکم دی ہوئی ہے۔ اور جو شخص کسی ایسی چیز پر لعنت کرے جو لعنت  کے مستحق نہیں ہے تو لعنت اسی پر لوٹ جاتی ہے جس نے لعنت کی (ترمذی)ایک حدیث میں ارشاد ہے کہ بلاشبہ انسان جب کسی پر لعنت کرتا ہے تو لعنت آسمان کی طرف لوٹ جاتی ہے، وہاں دروازے بند کردئے جاتے ہیں (اوپر کو جانے کا کوئی راستہ نہیں ملتا) پھر زمین کی
طرف اتاری جاتی ہے زمین کے دروازے بند کردئے جاتے ہیں (یعنی کوئی جگہ ایسی نہیں ملتی جہاں وہ نازل ہو) پھر دائیں بائیں کا رخ  کرتی ہے جب کسی جگہ کوئی راستہ نہیں پاتی تو پھر اس شخص پر لوٹ آتی ہے جس پر لعنت کی ہے اگر وہ لعنت کا مستحق تھا تو اس پر پڑ جاتی ہے ورنہ اس شخص پر آکر پڑتی ہے جس نے منہ سے لعنت کے الفاظ نکالے تھے(ابوداؤد)
حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی زبان سے ایک موقع پر بعض غلاموں کے بارے میں لعنت کے الفاظ نکل گئے۔ حضور اقدس ﷺ وہاں سے گزر رہے تھے آپ نے (کراہت اور تعجب کے انداز میں) فرمایا لعانین و صدّقین کلا ورب الکعبۃ یعنی لعنت کرنے والے اور صدیقین (کیا یہ دونوں جمع ہوسکتے ہیں) رب کعبہ کی قسم ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا (یعنی کوئی شخص صدیق بھی ہو اور لعنت کرنے والا بھی ہو) حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ پر اس کا بہت اثر ہوا اور اس روز انہوں نے اپنے بعض غلام آزاد کردئے اور بارگاہ رسالت میں حاضر ہوکر عرض کیا کہ اب ہرگز ایسا نہیں کروں گا (بیہقی)

حضرت ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدسﷺنے ارشاد فرمایا کہ بلاشبہ بہت لعنت کرنے والے قیامت کے دن کسی کے حق میں گواہ نہ بن سکے گے اور نہ سفارش کرسکیں گے (صحیح مسلم) حضرت سمرۃ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺنے ارشاد فرمایا کہ ایک دوسرے پر لعنت نہ ڈالو، اور آپس میں یوں نہ کہو کہ تجھ پر اللہ کا غضب ہواور نہ آپس میں ایک دوسرے کے لئے یوں کہو کہ تو جہنم میں جائے (اور روایت میں ہے)کہ نہ آپس میں ایک دوسرے کے لئے یوں کہو کہ آگ میں جلے (مشکوٰۃ 413 بحوالہ
ترمذی اور ابوداؤد)قرآن و حدیث میں قسمیں اٹھانے والوں اور طعنہ دینے والوں سے محتاط رہنے کا حکم دیا گیا ہے اور ایسے کاموں کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں فساد برپا ہو۔ارشاد باری تعالیٰ ہے اور آپس میں طعنہ زنی نہ کرو اور ایک دوسرے کے  بْرے نام نہ رکھو کیا ہی بْرا نام ہے مسلمان ہو کر فاسق کہلانا اور جو توبہ نہ کریں تو وہی ظالم ہیں(سورۃ الحجرات)اسی طرح سورۃ القلم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے‘‘اور ہر ایسے کی بات نہ سننا جو بڑا قسمیں کھانے والا ذلیل۔بہت طعنے دینے والا ادھر کی ادھر لگاتا پھرنے والا’’ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺنے فرمایا لوگوں میں دو خصلتیں ایسی ہیں جو ان کے کفر کا باعث بنتی ہیں کسی کے نسب پر طعن کرنا اور میت پر نوحہ کرنا (مسلم)حضرت ثابت بن ضحاک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا جس نے اسلام کے سوا کسی دوسرے مذہب کی جھوٹی قسم کھائی تو وہ اسی کے مطابق ہے جیسا اس نے کہا۔ جس نے کسی شے کے ساتھ خود کشی کی اسے جہنم کی آگ میں ا سی شے کے ساتھ عذاب دیا جائے گا۔مومن پر لعنت کرنا اسے قتل کرنے کے مترادف ہے اور جس نے کسی مسلمان پر کفر کا الزام لگایا یہ بھی اسے قتل کرنے جیسا ہے (بخاری)

حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا تم لوگ اللہ کی لعنت کے ساتھ، اس کے غضب کے ساتھ اور دوزخ کے ساتھ آپس میں ایک دوسرے پر لعنت نہ کیا کرو (ابو داؤد، ترمذی)حضور نبی رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا بندہ جب کسی چیز پر لعنت کرتا ہے تو لعنت آسمان کی طرف چڑھتی ہے جس پر آسمان کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں پھر وہ دائیں بائیں پھرتی ہے لیکن کوئی ٹھکانہ نہیں پاتی۔ لہٰذا وہ اسی کی طرف لوٹتی ہے جس پر لعنت کی گئی اگر وہ اس کا حق دار ہو تو ٹھیک نہیں تو لعنت بھیجنے والے کی طرف لوٹ جاتی
ہے(ابو داؤد، بہیقی)اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ مولائے کریم ہمیں دین کی صحیح معنوں میں سمجھ عطا فرمائے اور کسی پر طعنہ زنی طعن و تشنیع و لعنت کرنے سے محفوظ رکھے۔ آمین
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں