میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آپ کے مسائل اور اُن کا حل

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۷ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

گلی میں پھینکی ہوئی لڑکی کی پرورش کرنا؟
سوال: محترم مفتی صاحب۔میرا ایک دوست ہے اس کی شادی کو 8 سال ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک اولاد نہیں ہیں ایک بچی (لڑکی)کسی نے گلی میں چھوڑ دی تھی شاید کسی نے زنا کیا تھا اور بچی پیدا ہونے کے بعد اسے گلی میں پھینک دیا تو کیا میرا دوست اس بچی کی پرورش کر سکتا ہے اپنی بیٹی کی طرح۔اور کیا اسے اس بچی کو اپنی بہن یا بھابھی کا دودھ پلانا ضروری ہے تاکہ یہ بچی اس کی بھانجی یا بھتیجی بن جائے؟ اور کیا ایسے بچوں کی پرورش کرنا چاہیے کہ نہیں؟
جواب:جی ہاں! آپ کا دوست اس بچی کی پرورش کرسکتا ہے اور اس کو اپنی بہن اور بھابھی کا دودھ بھی پلاسکتا ہے؛ لیکن بہن یا بھابھی ہی کا دودھ پلانا ضروری نہیں ہے کسی اور کا بھی پلاسکتا ہے جس سے محرم بن سکے۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

کمپنی کانام الوہاب ایکسپورٹ رکھنا کیسا ہے؟
سوال:کیا اپنی کمپنی کا نام (الوھاب ایکسپورٹ) رکھنا صحیح ہے؟چونکہ الوھاب اللہ تعالیٰ کا نام ہے۔
جواب: یہ نام رکھنا مناسب نہیں۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

دوران نماز وضو ٹوٹنے کے بعد بے وضو نماز پڑھنے کا حکم:
سوال: اگر جماعت کے ساتھ نماز ادا کرتے وقت وضو ٹوٹ جائے تو کیا صف سے نکل کر دوبارہ وضو کرکے نماز میں شامل ہونا ضروری ہے؟ اگر ایسے میں کوئی شخص شرم کی وجہ سے نماز جاری رکھے تو اس پر کیا حکم جائے؟ کیا ایسا کرنا جائز ہے؟
جواب: اگر دوران نماز وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھنا ضروری ہے ، وضو ٹوٹ جانے کے بعد شرم یا کسی اور وجہ سے نماز جاری رکھنا جائز نہیں ہے ، ایسا کرنا سخت گناہ کا کام ہے ، ہاں وضو ٹوٹ جانے کے بعد نماز کی نیت کے بغیر مصلیوں کی موافقت میں ان کے ساتھ ساتھ اٹھنا بیٹھنا اس نیت سے کہ بعد میں وضو کرکے نماز ادا کرلی جائے گی، اس میں اگرچہ بے وضو نماز پڑھنے کا گناہ نہیں ہوگا، لیکن اس میں چوں کہ بلاعذرِ شرعی مسجد میں رہتے ہوئے ترک جماعت لازم آتا ہے ، اس لیے ایسا کرنا بھی مکروہ ہے۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

ہمارے ناموں سے ملتے جلتے نام بتائیں:
سوال: میرا نام فیروز خان ہے اور میری اہلیہ کا نام رومانہ کوثر ہے اور وہ حمل سے ہے، براہ کرم، مہربانی کچھ نام تجویز کریں جو ہمارے ناموں سے میل کھائے، لڑکی اور لڑکا دونوں کے نام۔
جواب: اللہ تعالی آپ کو نیک و صالح اولاد عطا فرمائے۔ اگر لڑکی ہو تو ریحانہ، شمامہ ترنم، امامہ تبسم، خالدہ کوثر، فاطمہ زہرا وغیرہ ناموں میں سے کوئی نام رکھ لیں۔ اور لڑکا ہونے کی صورت میں طلحہ فیروز، زبیر افروز، حنظلہ عثمان، سعد فیروز میں سے جو پسند ہو رکھ لیں۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

مسجد میں گم شدہ چیز یا گم شدہ بچے کااعلان کرنا:
سوال: سوال یہ ہے کہ کیا مسجد میں گمشدگی کا یا کسی کے بچے،عورت، آدمی کے گم ہو جانے پر مسجد میں اعلان کروا سکتے ہیں؟ کیوں کہ ایک انڈین دوست نے کہا کہ آپ پاکستانی تو آدھے ادھورے مسلمان ہو جو کسی بچے کے گم ہوجانے پر مسجد میں اعلان نہیں کرواتے ہیں، یہ ایک نیک کام ہے، ہمارے پورے انڈیا میں گمشدگی کا اعلان ہوتا ہے، اِس سوال کا جواب دیں۔ مہربانی ہو گی۔
جواب: جو چیز مسجد سے باہر گم ہوگئی ہو ا س کا اعلان مسجد میں کرنا درست نہیں، ہاں اگر کسی کی کوئی چیز مسجد ہی میں چھوٹ گئی ہو اس کا اعلان مسجد میں کیا جاسکتا ہے بشرطیکہ شور وشغب نہ ہو یا کوئی گم شدہ بچہ ہے اور مل نہیں رہا ہے تو بضرورت اعلان کیا جاسکتا ہے۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

عیدگاہ کی زمین دوسرے کام میں استعمال کرنا کیسا ہے؟
سوال: کیا مسجد میں داخل ہو نے کے لئے وقف شدہ عیدگاہ کی زمین استعمال کرنا یا اس میں گاڑی وغیرہ پارکنگ کرنایا محلے والے اس میں اپنے گھریلو کام کو انجام دے نا جائز ہوگا؟ بعض علماء کہتے ہیں کہ جب تک عید گاہ میں نماز ادا کی جاتی ہے تب تک وہ مسجد کے حکم میں ہے ورنہ وہ عام زمین کی طرح ہی ہے، کیا یہ بات صحیح ہے؟
جواب:عیدگاہ کی زمین کو عیدگاہ کے لیے ہی استعمال کرنا ضروری ہے ، اس میں کار پارکنگ یا محلے والوں کے کسی کام میں یا مسجد کے راستے کے طور پر استعمال کرنا درست نہیں ہے۔ واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم

ای مارجن کی سہولت پر مبنی خریداری کا حکم:
سوال: میں شیئرز کی خرید و فروخت کرتا ہوں، میرا سوال ہے کہ کمپنی ای مارجن کی سہولت دیتی ہے مثال کے طور پر اگر آپ کے پاس تیس
روپے ہے اور آپ سو روپے کا اسٹاک خریدنا چاہتے ہیں تو کمپنی ستر روپیہ اپنی طرف سے ملا کر اسٹاک خرید کر دیتی ہے کمپنی مجھے پیسہ نہیں دیتی بلکہ اپنی طرف سے ستر روپیہ ملا کر اسٹاک خریدنے دیتی ہے جسے آپ 275 دن تک رکھ سکتے ہیں اس کے بعد اگر آپ چاہیں تو ستر روپیہ دے کر نقد میں تبدیل کر سکتے ہیں یا پھر کمپنی اپنا ستر روپے کا اسٹاک بیچ کر پیسہ لے لیتی ہے لیکن اس ٹرانزیکشنز میں وہ آپ سے 0.050 کا سود ستر روپیہ پر روزانہ لے لیتی ہے اس سو روپے پر جو نقصان ہوگا وہ آپ کا ہوگا اور جو فائدہ ہوگا وہ آپ کا ہوگا سوال یہ ہے کہ جو کمپنی ستر روپیہ ملا دیتی ہے ہمارے تیس روپے کے ساتھ اسٹاک خریدتے وقت اس پرسود دینا کیسا ہے ہمارے ہاتھ میں رقم نہیں اسٹاک ملتا ہے ہمیں رقم پر قبضہ نہیں ملتا اسٹاک پر ملتا ہے کیا یہ جائز ہے مہربانی کرکے شرعی اعتبار سے بتائیں عین نوازش ہوگی۔
جواب:سوال میں جو صورت ذکر کی گئی ہے، اس میں ایک اہم خرابی یہ ہے کہ یہ سودی لین دین پر مشتمل ہے؛ کیونکہ کمپنی جو ستر روپئے دیتی ہے، یہ درحقیقت قرض ہے جو وہ براہ راست مقروض (مشتری) کو نہ دے کر، ا س کی اجازت سے بائع (جو مقروض کا قرض خواہ ہے) کو دیتی ہے اور بعد میں مقروض (مشتری) سے مع اضافہ (سود) وصول کرتی ہے، یہ گویا ایسے ہی ہے جیسا کہ فائنانس کمپنی کے واسطے سے گاڑی خریدنا کہ فائنانس کمپنی مشتری (خریدار) کے نام قرض جاری کرتی ہے؛ پر وہ رقم مشتری کو نہیں؛ بلکہ بائع جو مشتری کا قرض خواہ ہے، اسے دیتی ہے، پھر وہ (فائنانس کمپنی) مشتری سے مع سود قسط وار وصول کرتی ہے۔ اس لیے مذکور فی السوال طریقے پر معاملہ کرنا شرعاً جائز نہیں ہے۔واللہ سبحانہ و تعالیٰ اعلم


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں