مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال پر ملک کے مختلف علاقوں میں شاہراہیں بند
شیئر کریں
پشاور، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا میں متعدد مقامات پر احتجاجی دھرنے، موٹروے ایم ون سمیت کئی سڑکوں پر ٹریفک معطل، ایم ٹو پر ہیوی ٹرانسپورٹ کا داخلہ محدود
ملک بھر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال کے بعد مختلف شہروں اور علاقوں میں کارکنوں نے شاہراہیں اور سڑکیں بند کر دیں، جس کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث قومی شاہراہوں پر مختلف مقامات بند ہیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بھی متعدد ٹول پلازوں سے تاحکمِ ثانی روک دیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اطلاعات میں بتایا کہ قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، جبکہ این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن کے مقام پر احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہیں۔ اسی طرح این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس کے قریب کنڈیارو میں بھی ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے اس سے قبل بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں ایکس پر جاری اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ملک کے مختلف علاقوں میں کارکنوں نے احتجاجاً شاہراہیں بند کر دی ہیں۔ پارٹی کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کر دیا، جس کے بعد موٹروے پر دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ جے یو آئی (ف) کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہوں پر بھی ٹریفک روک دی گئی۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث آمدورفت معطل ہے، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔ پارٹی میڈیا سیل کے مطابق کوئٹہ میں سبی روڈ بھی بند کی گئی، جبکہ لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کی جانب سے احتجاجی کال کی وجہ سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے کی مبینہ حکومتی کوششیں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کو قرار دیا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ سرگودھا کانفرنس کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں اور مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام صوبوں کے عوام اور کارکنوں سے اپیل کی تھی کہ وہ گھروں سے نکلیں اور احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے شاہراہیں بند کریں۔


