میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محمد ذیشان علی سرگودھا کا شاہین خلا تک جا پہنچا

محمد ذیشان علی سرگودھا کا شاہین خلا تک جا پہنچا

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۷ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

آسمان کی طرف دیکھو اور یاد رکھو کہ میں وہاں تمہارے خوابوں کے ساتھ ہوں۔ذیشان علی کا یہ پیغام صرف اس کے بچوں کے لیے نہیں

بلکہ پاکستان کے تمام بچوں کے لیے ہے ۔ 25؍نومبر 2026کی صبح 5بج کر 18منٹ پر، جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شین ژو 24 خلائی جہاز نے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ پر پرواز کی۔ اس میں مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، فلائٹ انجینئر وو یی اور پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر محمد ذیشان علی سوار تھے ۔صرف تین گھنٹے 38 منٹ بعد خلائی جہاز نے تیانگونگ اسٹیشن سے ڈاکنگ کر لی۔ اس لمحے ذیشان علی نہ صرف پاکستان کے پہلے شخص بن گئے جو زمین کے مدار میں پہنچے ، بلکہ چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن گئے ۔

ذیشان علی کی کہانی کسی فلمی ہیرو کی کہانی نہیں ہے ۔ یہ ایک عام پاکستانی، ایک سرگودھا کے بیٹے ، ایک فائٹر پائلٹ اور ایک باپ کی کہانی ہے ، جس نے نظم و ضبط، محنت، صبر اور مسلسل سیکھنے کے ذریعے سرگودھا سے بیجنگ اور بیجنگ سے خلا تک کا سفر طے کیا۔محمد ذیشان علی 22 ؍ اگست 1986کو سرگودھا میں پیدا ہوئے ۔ بچپن سرگودھا میں گزرا۔ وہ پاک فضایہ میں گروپ کیپٹن ہیں ۔ شادی شدہ ہیں اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ خلا میں جانے کا خواب ان کے دل میں بچپن سے تھا۔ انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ جب وہ خلا سے زمین کو دیکھیں گے تو سب سے پہلے گھر کی روشنی تلاش کریں گے ۔ یہ ایک چھوٹا سا جملہ ہے ، مگر اس سے ان کی مٹی سے محبت اور اپنے خاندان سے جڑاؤ کا پتا چلتا ہے ۔

ذیشان علی کی تعلیم عام تعلیم سے مختلف رہی۔ انہوں نے ایرو اسپیس سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جنگی علوم یعنی وار اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ یہ تینوں شعبے مل کر ایک خلا باز کی بنیاد بناتے ہیں۔ ایرو اسپیس سائنسز سے انہیں ہوائی جہاز اور خلائی جہاز کی پرواز کے اصول سمجھ آئے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انہیں جدید کمپیوٹر، سافٹ ویئر اور خلائی نظاموں پر عبور حاصل ہوا، اور وار اسٹڈیز سے انہیں دباؤ، فیصلہ سازی اور قیادت کی تربیت ملی۔پاکستان ایئر فورس میں شمولیت کے بعد ان کی اصل تربیت وہیں ہوئی۔ فائٹر پائلٹ کی زندگی کوئی عام نوکری نہیں ہوتی۔ اس میں صبح سویرے پرواز، سخت جسمانی مشق، ہر لمحہ چوکنا رہنا، اور سیکنڈوں میں فیصلہ کرنا شامل ہوتا ہے ۔ ذیشان علی نے برسوں تک فائٹر طیارے اڑائے ۔ تیز رفتار پرواز میں جسم پر کئی گنا زیادہ کشش ثقل یعنی جی فورس کا دباؤ پڑتا ہے ۔ یہی تجربہ بعد میں خلا باز کے انتخاب میں ان کے لیے سب سے بڑی طاقت بنا۔پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان فروری 2025میں ایک معاہدہ ہوا۔ طے پایا کہ دو پاکستانی امیدوار چین میں خلا باز کی تربیت حاصل کریں گے اور ان میں سے ایک تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جائے گا۔اس کے لیے ملک کے بہترین پائلٹس اور سائنسدانوں میں سے ابتدائی طور پر 35امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے ۔ پھر تین مرحلوں پر مشتمل سخت اسکریننگ ہوئی۔پہلے مرحلے میں طبی معائنہ ہوا۔ دل، پھیپھڑے ، آنکھیں، کان، ہڈیاں، خون، سب کچھ جانچا گیا۔

خلا میں انسان کا جسم عام ماحول سے بالکل مختلف حالات سے گزرتا ہے ، اس لیے کوئی چھوٹی سی کمزوری بھی ناقابل قبول ہوتی ہے ۔ دوسرے مرحلے میں نفسیاتی مضبوطی کو پرکھا گیا۔ کیا امیدوار تنہائی، دباؤ، نیند کی کمی اور خطرے میں بھی حوصلہ برقرار رکھ سکتا ہے ؟ کیا وہ ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر سکتا ہے ؟ان تمام مراحل سے گزر کر اپریل 2026میں دو نام سامنے آئے ،ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اور خرم داؤد۔ 23 اپریل 2026کو وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دونوں سے ملاقات کی اور اس مشن کو پوری قوم کے لیے فخر قرار دیا۔دونوں امیدواروں کو بیجنگ میں چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر بھیجا گیا۔ وہاں ایک سالہ تربیتی پروگرام تھا، جسے ذیشان علی نے ریکارڈ سات ماہ میں مکمل کیا۔یہ تربیت صرف کتابیں پڑھنے والی تربیت نہیں تھی۔ اس میں سینٹری فیوج مشین میں گھومنا شامل تھا، تاکہ جسم لانچ کے وقت کے شدید دباؤ کا عادی ہو جائے ۔ سمیولیٹر میں خلائی جہاز اڑانے کی مشق تھی۔

زیر آب تربیت تھی، تاکہ خلا میں بے وزنی کی حالت کو سمجھا جا سکے ۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سمندر سے ریسکیو اور بقا کی مشقیں تھیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ڈرلز تھیں کہ اگر خلائی جہاز میں آگ لگ جائے ، ہوا نکل جائے یا رابطہ ٹوٹ جائے تو کیا کرنا ہے ۔لیکن سب سے بڑا چیلنج چینی زبان یعنی مینڈرین سیکھنا تھا۔ کیونکہ خلائی جہاز کے تمام سوئچ، سافٹ ویئر، پروگرام اور صوتی اعلانات چینی زبان میں تھے ۔ ذیشان علی نے صرف تکنیکی چینی زبان ہی نہیں سیکھی، بلکہ چینی گانے ، شاعری اور خطاطی بھی سیکھی۔ انہوں نے ٹیبل ٹینس کھیلا اور چینی ساتھیوں کے ساتھ گھل مل گئے ۔ پری لانچ بریفنگ میں انہوں نے چینی زبان میں بات کر کے سب کو حیران کر دیا اور چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اس پروگرام میں سب سے آخر میں منتخب ہوئے تھے ، لیکن اب انہیں یقین ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے شخص بنیں گے جو خلا میں جائے گا۔ یہ جملہ ان کی عاجزی اور خود اعتمادی دونوں کو ظاہر کرتا ہے ۔اس سے پہلے پاکستان کی نمیرہ سلیم 2023میں ورجن گیلیکٹک کی ذیلی مداری پرواز میں خلا تک گئی تھیں، مگر مداری پرواز یعنی زمین کے گرد مکمل چکر لگانے والی پرواز پہلی بار ذیشان علی نے کی۔خلا میں ان کا کام خلائی جہاز چلانا نہیں تھا، بلکہ سائنسی تجربات کرنا تھا۔ پاکستانی جامعات نے 300سے زیادہ تجاویز بھیجی تھیں، جن میں سے چار بائیو ٹیکنالوجی کے تجربات منتخب ہوئے ۔ ان میں سائینو بیکٹیریا کی فوٹو سنتھیسز، کوئنو کے بیجوں پر خلائی تابکاری کے اثرات، گرافین اور خود مرمت کرنے والے کاربن فائبر جیسے جدید مواد کے تجربات شامل تھے ۔ لانچ سے پہلے ذیشان علی نے کہا تھا کہ شین ژو 24کوئی اختتامی لکیر نہیں، بلکہ ایک لانچ پیڈ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان چین تعاون ایک پرواز اور ایک خلا باز سے بڑھ کر چاند، مریخ اور اس سے آگے کئی مشترکہ پروازوں تک جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں