میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مودی حکومت نے بھارتی جمہوری نظام تباہ کر دیا

مودی حکومت نے بھارتی جمہوری نظام تباہ کر دیا

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۷ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

گزشتہ ایک دہائی کے دوران مودی حکومت نے قانون کی حکمرانی کو کمزور کیا، ہندو اکثریت پسندی کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کے تحفظات ختم ہوئے، پسماندہ طبقات کے حقوق متاثر ہوئے اور ہندوستان میں آمرانہ رجحان گہرا ہوا۔ رپورٹ میں بطور خاص پارلیمانی طریقہ کار کی پامالی ، اپوزیشن کا دبایا جانا، مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا، آئینی اور قانونی اداروں کو کمزور کرنا اور عدلیہ میں مداخلت کے ساتھ عدالتی نظام کی اپنی ناکامیوں کا جائزہ لیاگیاہے۔ رپورٹ کا آغاز سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی کے نومبر2025 کے اس بیان سے کیاگیا ہے کہ سرکار ‘‘ہر ادارے کو تابع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔’’

ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈائریکٹر ایلین پیئرسن نے رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ ‘‘گزشتہ ایک دہائی کے دوران مودی حکومت ہندوستان کے ان خودمختار اداروں کو اندر سے کھوکھلا کرتی رہی ہے جو انتظامیہ کے اختیارات پر قدغن لگانے اور شہری آزادیوں کے تحفظ کیلئے نہایت اہم ہیں۔ حکومت نے قانون کی حکمرانی کو کمزور کیا ہے اور ہندو اکثریت کی بالادستی کے نظریے کو فروغ دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں انسانی حقوق کے تحفظات کو پیچھے دھکیلا گیا، حاشیے پر موجود کمزور برادریوں کے حقوق کمزور ہوئے اور ہندوستان کا آمرانہ طرزِ حکمرانی کی جانب سفر مزید گہرا ہوا ہے۔’’ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی سمیت دیگر ناقدین کا مؤقف ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کے جمہوری نظام اور آئینی اداروں کی خودمختاری کو کمزور کیا ہے۔ ناقدین یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا جیسے ادارے انتظامیہ کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کے حامی حلقے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتے ہیں کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے جہاں باقاعدگی سے شفاف انتخابات ہوتے ہیں اور عوام کے ووٹ سے حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں۔حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اور تحقیقاتی اداروں کو آزادانہ کام کرنے کا موقع دیا گیا ہے، جسے سیاسی مخالفین اپنے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومتی حلقوں کے مطابق آئینی ادارے اور فوج مکمل طور پر جمہوری و آئینی نظام کے تابع رہ کر کام کر رہے ہیں۔

بھارت کے جمہوری اداروں کی موجودہ صورتحال اور ان کی کارکردگی کے حوالے سے مختلف ملکی، سیاسی اور عالمی حلقوں کی جانب سے متضاد آراء اور رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔ عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی نومبر 2026 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2014 کے بعد نریندر مودی کی حکومت میں بھارت کے جمہوری اداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے اور آزادی صحافت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے ذریعے 14 کروڑ ووٹرز کی حیثیت مشکوک بنائی گئی۔ مہاراشٹر انتخابات میں 70 لاکھ نئے ووٹرز کے اچانک اضافے پر بھی سوال اٹھایا گیا اور الزام لگا کہ ان سب نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد اڈانی کے کاروباری اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ سیاست اور کاروبار کے درمیان فرق ختم ہوچکا ہے۔ مودی حکومت نے 100 سے زائد غیر ملکی مہمانوں کے ویزے مسترد یا منسوخ کیے۔ 315 منظور شدہ مقررین میں سے 115 کو بھارت آنے سے روک دیا گیا یا ان کے ویزے منسوخ کردیے گئے۔

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بے روزگاری، مہنگائی، تحقیقاتی ایجنسیوں کے غلط استعمال اور بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کے حوالہ سے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظم طریقے سے جمہوری اداروں کو کمزور کر رہی ہے۔ آج مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے اور اس نے غریب اور متوسط طبقے کو برباد کر دیا ہے۔ آج 20 سے 24 سال کی عمر کا ہر دوسرا نوجوان بے روزگار گھوم رہا ہے۔ مودی حکومت میں بڑے کارپوریٹس پر ٹیکس کم ہوا ہے اور ضروری اشیاء پر جی ایس ٹی بڑھ گیا ہے۔ بڑے صنعت کاروں کے لاکھوں کروڑوں کے قرضے معاف کر دیے گئے، چھوٹی صنعتوں اور کسانوں کو ایک ایک پیسہ ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کانگریس کا وژن روزگار پیدا کرکے، سرمایہ کاری کو راغب کرکے اور کیرالہ کی معیشت کو بحال کرکے پائیدار ترقی کو فروغ دے کر جامع ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پبلک سیکٹر کو مکمل طور پر تباہ کر کے اسے مودی جی کے قریبی دوستوں کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔مودی حکومت صرف ریاستی حکومتوں کو ہراساں کر رہی ہے اور غریبوں اور خواتین کو کچل رہی ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس جیسی ایجنسیاں اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنانے کے لیے ہتھیار بنی ہوئی ہیں۔ لوگوں کو مختلف اعلیٰ عہدوں پر میرٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بی جے پی سے قربت کی بنیاد پر تعینات کیا جا رہا ہے۔

ہیومن رائٹس کی رپورٹ میں جمہوری اداروں کو بربادی اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے بطور خاص ایس آئی آر کے دوران مسلمانوں کے نام کاٹے جانے کا تفصیل سے حوالہ دیا گیا ہے۔ ہندوستان میں جمہوریت کے زوال کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری اداروں کو حکومت کے ناقدین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کیا جائے اور تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں