میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جلنے والا کا منہ کالا

جلنے والا کا منہ کالا

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۲ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

قوم کو مبارک ہو،پاکستان میں ایک نئے دورکا آغازہوگیا ہے ،کرپشن کو باقاعدہ جائزقراردے دیا گیا ہے تاکہ قوم ترقی کے نئے راستے تلاش کر سکے ،جو کرپشن کرے گا اسے قومی ہیرو سمجھا جائے گا اور جو نہ کرے گا اسے پسماندہ۔دوسری طرف خودکشی کو بھی حلال کردیا گیا ہے تاکہ ناامید لوگ آسانی سے مشکل سے نکل سکیں۔اب نہ احتساب کی ضرورت ہے نہ صبر کی۔سب کچھ آسان، حلال اور جائز ہوگیا۔

بتاتا چلوں،یہ جودوقوانین منظور ہوئے ہیں،یہ حکومت اورعوام کی دیرینہ خواہش اور مطالبات تھے ۔کابینہ کے تاریخی اجلاس میں دونوں اہم قوانین کی منظوری دی گئی ہے ۔ پہلا قانون ،جو حکومتی خواہش پرپیش کیا گیا،ملک میں کرپشن کو مکمل طورپرجائز قراردے دیا گیا ہے ، جبکہ دوسرے قانون جو عوامی خواہش تھی،غربت، بے روزگاری، مہنگائی اور مایوسی سے تنگ آکر خودکشی کرنے والوں کو مجرم نہیں سمجھا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ جب ایک کام ملک میں ہرسطح پر ہورہا ہو تو اسے جرم قراردینا عوام کے ساتھ زیادتی ہے ، اورجب ریاست اپنے شہریوں کو زندہ رہنے کی سہولتیں فراہم نہ کرسکے تو ان کی محرومیوں کا مذاق اڑانے کے بجائے ان کے دکھ کو سمجھنا چاہیے ۔

نئے قانون کے تحت اب کسی سرکاری افسرکو رشوت لینے پرشرمندہ نہیں ہونا پڑے گا۔ چپڑاسی سے لے کرصدرمملکت تک، ہر شخص اپنی حیثیت اور گریڈ کے مطابق کرپشن کرسکے گا۔ سیاست دانوں کو قومی خزانے سے مستفید ہونے کی مکمل آزادی ہوگی، ٹھیکیدار سڑکوں میں جتنا مال کم ڈالنا چاہیں ڈال سکیں گے ، محکمے فائلوں کو جتنا چاہیں روک سکیں گے اورعوام سے جتنا چاہیں وصول کرسکیں گے ۔ آخرجب کرپشن کے خلاف بنائے گئے ادارے بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں تو پھر چند لوگوں کو ہی کیوں بدنام کیا جائے ؟حکومت نے واضح کیا ہے کہ نئے قانون کے بعد کسی کو یہ پوچھنے کی اجازت نہیں ہوگی کہ ملک کا پیسہ کہاں گیا، ترقیاتی منصوبوں کی رقم کس کی جیب میں پہنچی اورعوام کے حصے کی خوشحالی کس راستے میں غائب ہوگئی۔ یہ سوالات اب غیرضروری تصور ہوں گے ۔

اب دوسرے قانون کی تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غربت سے تنگ آکرخودکشی کرنے والوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوگا۔ البتہ اس قانون سے پہلے ایک وضاحت ضروری ہے کہ خودکشی کی اجازت کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت غریبوں کو مرنے کی ترغیب دے رہی ہے ، بلکہ حکومت صرف یہ تسلیم کررہی ہے کہ اس ملک میں کچھ لوگوں کیلئے زندہ رہنا بھی ایک سزا بن چکا ہے ۔ ہاں،نئے قانون کے مطابق ایک نیا محکمہ تشکیل دیا جائے گا،جس کا صرف یہی کام ہوگا،ان کے نمائندے غریبوں کے گھروں میں جائینگے ،انہیں مطمئن کرینگے ،بتائیں گے ،زندگی بہت قیمتی ہے ، مایوسی گناہ ہے ، حالات سے لڑنا چاہیے اور مشکل وقت ہمیشہ نہیں رہتا۔ انہیں یہ بھی سمجھائیں گے کہ ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے ، لہٰذا انہیں قربانی دینی چاہیے ۔وہ انہیں یہ بھی بتائیں گے ، دیکھو !! اللہ تعالیٰ نے آپ کے مقدرمیں غربت ہی لکھی ہے ،آپکو آخرت میں جنت ملی گئی،وہاں آپ کیلئے سونے ،چاندی کے محل ہونگے ،حوریں ملیں گی، دودھ اور شہید کی نہریں ہونگی ،دنیا توعارضی ہے ۔
ادھرکرپشن کے جائز ہونے کے بعد ملک میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔ سرکاری ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ رشوت کیلئے باقاعدہ پے اسکیل مقررکیا جائے ، تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

سیاست دانوں نے کہا ہے کہ انہیں بھی اپنے عہدے اورتجربے کے مطابق قومی خزانے سے حصہ ملنا چاہیے ۔ ٹھیکیداروں نے درخواست کی ہے کہ ناقص تعمیرات کو قومی خدمت کا درجہ دیا جائے ، جبکہ بعض محکموں نے تجویز دی ہے کہ فائل آگے بڑھانے کیلئے وصول کی جانے والی رقم کو اب سروس چارجزکہا جائے ۔اب ملک میں کسی کو کسی سے شکایت نہیں ہوگی۔ رشوت لینے والا مطمئن، رشوت دینے والا مجبور، قومی خزانہ خالی کرنے والا بااختیار اور اپنا حق مانگنے والا بدتمیز نہیں کہلائے گا۔ سب کچھ قانون کے مطابق ہوگا۔

اطلاعات ہیں،ملک میں کرپشن جائز ہونے کے بعد ایک نئی معاشی اصطلاح بھی متعارف کرائی جائے گی، جسے قومی ترقی میں ذاتی حصہ داری کہا جائے گا۔ ہر ادارے کا سربراہ اپنے محکمے کی آمدنی اور اخراجات کے ساتھ اپنی ذاتی ترقی کی رپورٹ بھی پیش کرے گا۔ جس افسر کے اثاثے زیادہ ہوں گے ، اسے بہترین کارکردگی کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ جس سیاست دان کے دور میں قومی خزانے کو زیادہ نقصان پہنچے گا، اسے تجربہ کار منتظم قرار دیا جائے گا۔ بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کو معاشی سفیر اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو سرمایہ کار کہا جائے گا۔ عدالتوں میں مقدمات ضرور چلیں گے ، مگر اب ان کا مقصد کسی کو سزا دینا نہیں بلکہ یہ طے کرنا ہوگا کہ کس نے کتنی مہارت سے قانون کو چکمہ دیا۔ احتساب کے اداروں کو بھی ختم نہیں کیا جائے گا، بلکہ ان کا نام بدل کر قومی مفاہمت کے مراکز رکھ دیا جائے گا۔ آخر اتنی بڑی قومی روایت کو چند پرانے الفاظ کی وجہ سے بدنام کرنا کہاں کی دانش مندی ہے ؟ بہرحال قوم کو مبارک ہو،نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے ، اب پاکستان کو کوئی دشمن ملک ترقی سے نہیں روک سکتا۔ہربارڈرپرایک بورڈ نصب کردیا گیا ہے جہاں لکھا ہوا ہے ،جلنے والا کا منہ کالا۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں