انسان کی تذلیل، تہذیب کی سب سے بڑی شکست
شیئر کریں
روسی ادب کے عظیم افسانہ نگار نکولائی گوگول (Nikolai Gogol) کا شاہکار افسانہ The Overcoat محض ایک غریب سرکاری ملازم کے کوٹ کی کہانی نہیں، بلکہ انسانی تہذیب کے چہرے پر پڑا ہوا وہ آئینہ ہے جس میں انسان کی بے حسی، طبقاتی تفاوت، سماجی تحقیر، تنہائی اور انسانی وقار کی المناک موت صاف دکھائی دیتی ہے ۔
یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی زندگی میں کوئی بڑا خواب نہیں، کوئی غیر معمولی خواہش نہیں، کوئی سیاسی طاقت نہیں اور کوئی سماجی حیثیت نہیں۔ اس کے پاس صرف ایک معمولی سی سرکاری ملازمت ہے ، چند پرانے کپڑے ہیں اور ایک ایسی زندگی ہے جس میں اس کے وجود کی کوئی خاص اہمیت نہیں۔گوگول کا مرکزی کردار اکاکی اکاکیویچ بشماچکن (Akaky Akakievich Bashmachkin) ایک معمولی سرکاری نقل نویس ہے ۔ وہ اپنی پوری زندگی دوسروں کے لکھے ہوئے الفاظ نقل کرنے میں گزار دیتا ہے ۔ اس کی اپنی زندگی میں
کوئی نئی عبارت نہیں، کوئی نیا خیال نہیں، کوئی نئی سمت نہیں۔ وہ ایک ایسی مشین بن چکا ہے جس کا کام دوسروں کے الفاظ دہرانا ہے ۔ دفتر کے ساتھی اس کا مذاق اڑاتے ہیں، اس کی غربت پر ہنستے ہیں اور اس کی شخصیت کو مسلسل نظرانداز کرتے ہیں۔ لیکن وہ احتجاج نہیں کرتا، کیونکہ معاشرہ اسے اتنا کمزور بنا چکا ہے کہ وہ اپنی توہین کو بھی زندگی کا معمول سمجھنے لگا ہے ۔ یہاں گوگول ایک بنیادی فلسفیانہ سوال اٹھاتا ہے : کیا انسان کی قدر اس کے عہدے ، لباس، دولت اور سماجی مرتبے سے طے ہوتی ہے ، یا اس کے وجود کی اپنی کوئی مستقل اہمیت بھی ہے ؟
انیسویں صدی کا یورپ صنعتی انقلاب، سرمایہ داری، طبقاتی تقسیم اور شہری زندگی کی تیز رفتار تبدیلیوں سے گزر رہا تھا۔ یورپ میں جدید ریاستیں تشکیل پا رہی تھیں، بیوروکریسی طاقتور ہو رہی تھی اور انسان کی شناخت بتدریج اس کی معاشی حیثیت اور پیشہ ورانہ مرتبے سے وابستہ ہوتی جا رہی تھی۔ روسی معاشرہ بھی اسی طبقاتی نظام کی گرفت میں تھا، جہاں سرکاری عہدے اور سماجی رتبے انسانوں کے درمیان عزت اور بے عزتی کی دیواریں کھڑی کرتے تھے ۔کارل مارکس نے بعد میں سرمایہ دارانہ نظام میں انسان کی بیگانگی (Alienation) کا تصور پیشکیا۔ گوگول کا اکاکی اس تصور کی ایک ادبی تصویر محسوس ہوتا ہے ۔ وہ اپنی محنت کرتا ہے ، مگر اس محنت سے اسے نہ کوئی سماجی احترام ملتا ہے ، نہ معاشی آسودگی اور نہ انسانی شناخت۔ اس کی پوری زندگی ایک ایسے نظام کے حوالے ہے جہاں انسان کی محنت اہم ہے ، لیکن خود انسان غیراہم ہے۔ اس افسانے کا سب سے دردناک موڑ اس وقت آتا ہے جب اکاکی کا پرانا اوورکوٹ ناقابلِ استعمال ہو جاتا ہے ۔ روس کی شدید سردی میں اسے نئے کوٹ کی ضرورت پڑتی ہے ۔ ایک غریب شخص کے لیے یہ محض لباس خریدنے کا معاملہ نہیں بلکہ اپنی بقا کا سوال ہے ۔ وہ اپنی معمولی ضروریات ترک کرتا ہے ، کھانے میں کمی کرتا ہے اور پیسہ جمع کرکے نیا اوورکوٹ بنواتا ہے ۔جب نیا کوٹ اس کے پاس آتا ہے تو پہلی مرتبہ اس کی زندگی میں خوشی داخل ہوتی ہے ۔ دفتر کے ساتھی اسے مبارک باد دیتے ہیں، اس کی شخصیت کو دیکھتے ہیں اور اسے ایک ایسی توجہ ملتی ہے جس سے وہ پوری زندگی محروم رہا تھا۔ مگر غور کیجیے ، لوگوں نے اکاکی کو نہیں پہچانا، انہوں نے اس کے نئے کوٹ کو پہچانا ہے ۔ یہیں گوگول انسانی معاشرے کی ایک خوفناک حقیقت بے نقاب کرتا ہے : اکثر معاشرے انسان سے محبت نہیں کرتے ، اس کی حیثیت سے محبت کرتے ہیں۔ لباس بدل جائے تو رویے بدل جاتے ہیں، دولت آجائے تو تعلقات بدل جاتے ہیں، عہدہ مل جائے تو وہی لوگ احترام کرنے لگتے ہیں جو کل تک تحقیر کرتے تھے ۔یہ تصور بعد میں تھورسٹین ویبلن (Thorstein Veblen) کے نظریے Conspicuous Consumption میں بھی نمایاں ہوا، جس کے مطابق انسان اشیا کے ذریعے اپنی سماجی حیثیت ظاہر کرتا ہے۔ اکاکی کے لیے اوورکوٹ فیشن یا نمودونمائش کی چیز نہیں، بلکہ انسانی شناخت اور سماجی قبولیت کا عارضی وسیلہ بن جاتا ہے ۔ لیکن اس کی خوشی زیادہ دیر قائم نہیں رہتی۔ ایک رات اس کا نیا اوورکوٹ چوری ہو جاتا ہے ۔ اس واقعے کے ساتھ ہی اس کی زندگی کا واحد سہارا بھی چھن جاتا ہے ۔ وہ پولیس، سرکاری اہلکاروں اور بالآخر ایک بااثر افسر سے مدد مانگتا ہے ۔ مگر اسے انصاف نہیں ملتا۔ افسر اس کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ اختیار کرتا ہے اور اسے احساس دلاتا ہے کہ اس کی حیثیت اتنی معمولی ہے کہ اس کی شکایت بھی کسی اہمیت کی مستحق نہیں۔یہاں گوگول کی تحریر محض غربت کا نوحہ نہیں رہتی بلکہ طاقت کے نظام کے خلاف ایک اخلاقی فردِ جرم بن جاتی ہے ۔
فرانز کافکا کے ناول The Trial میں جوزف کے کی طرح اکاکی بھی ایک ایسے نظام کے سامنے بے بس ہے جس میں اختیار موجود ہے مگر انصاف غائب ہے ۔ کافکا کی دنیا میں فرد ایک نامعلوم طاقت کے ہاتھوں کچلا جاتا ہے ، جبکہ گوگول کی دنیا میں ایک معمولی انسان کو سماجی اور سرکاری بے حسی نگل جاتی ہے ۔ دونوں ادیب یہ دکھاتے ہیں کہ جب ادارے انسان کی خدمت کے بجائے اپنی طاقت کی حفاظت کرنے لگیں تو انصاف ایک لفظ رہ جاتا ہے ۔ژاں پال سارتر کے فلسفے میں انسان کی شناخت اور دوسروں کی نگاہ کا مسئلہ بنیادی اہمیت رکھتا
ہے ۔ اکاکی کی زندگی میں دوسروں کی نگاہ ہمیشہ تحقیر کا ذریعہ رہی، لیکن نئے کوٹ نے اسے چند لمحوں کے لیے قابلِ قبول بنا دیا۔ اس کی خوشی دراصل اس بات کی تھی کہ پہلی مرتبہ معاشرے نے اسے دیکھا تھا۔ یہ کیسی المناک دنیا ہے جہاں انسان کو انسان تسلیم کروانے کے لیے ایک لباس خریدنا پڑتا ہے !آخرکار شدید ذہنی صدمے اور بیماری کے باعث اکاکی مر جاتا ہے ۔ لیکن گوگول کہانی کو اس کی موت پر ختم نہیں کرتا۔
اس کے بعد ایک پراسرار بھوت کی خبر پھیلتی ہے جو لوگوں کے اوورکوٹ چھینتا پھرتا ہے ۔ ایک دن وہی بھوت اس بااثر افسر کا کوٹ بھی اتار لیتا ہے جس نے اکاکی کی بے بسی کا مذاق اڑایا تھا۔یہ اختتام ایک غیر معمولی ادبی علامت ہے ۔ جس انسان کو زندگی میں انصاف نہیں ملا، وہ موت کے بعد ایک خوفناک علامت بن کر واپس آتا ہے ۔ گوگول گویا بتاتا ہے کہ معاشرتی ناانصافی ہمیشہ خاموش نہیں رہتی۔ کبھی کبھی وہ مظلوم کی موت کے بعد بھی معاشرے کے تعاقب میں رہتی ہے ۔اس افسانے کو عالمی انسانی تاریخ کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس کا دکھ
آج بھی زندہ ہے ۔ صنعتی انقلاب سے لے کر جدید سرمایہ دارانہ معیشت تک، انسان نے ترقی کے بے شمار دعوے کیے ، مگر معاشی نابرابری اور طبقاتی تحقیر ختم نہ کر سکا۔ چارلس ڈکنز کے ناول Oliver Twist میں غربت کے ہاتھوں پامال بچپن، وکٹر ہیوگو کے Les Misrables میں سماجی ناانصافی اور دوستوئیفسکی کے ناولوں میں انسانی محرومی اسی تہذیبی المیے کے مختلف چہرے ہیں۔
پاکستان میں بھی اس افسانے کی معنویت غیر معمولی ہے ۔ یہاں ایک بڑی آبادی ایسی ہے جو معمولی تنخواہوں، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم تحفظ کے درمیان زندگی گزار رہی ہے ۔ سرکاری دفاتر کے نچلے درجے کے ملازمین، مزدور، چوکیدار، خاکروب، چھوٹے دکاندار اور نجی اداروں کے کم تنخواہ دار کارکن اکثر اپنی پوری زندگی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں گزار دیتے ہیں۔ ان کے لیے ایک مناسب لباس، بچوں کی تعلیم، علاج اور گھر کا کرایہ بھی مستقل پریشانی بن چکے ہیں۔ہمارے معاشرے میں بھی انسان کی عزت اکثر اس کی گاڑی، مکان، عہدے ، لباس اور بینک بیلنس سے ناپی جاتی ہے ۔ طاقتور کے لیے قانون کے دروازے آسان اور کمزور کے لیے بند دکھائی دیتے ہیں۔ کسی غریب کی شکایت سرکاری میز پر پڑی رہتی ہے ، لیکن کسی بااثر شخص کی معمولی درخواست بھی فوری توجہ حاصل کر لیتی ہے ۔ یہ وہی دنیا ہے جس میں اکاکی اپنا اوورکوٹ تلاش کرتا رہا اور اسے انسان ہونے کا حق بھی نہ مل سکا۔اصل سوال یہ نہیں کہ اکاکی کا اوورکوٹ کس نے چرایا تھا؛ اصل سوال یہ ہے کہ اس معاشرے نے اس سے انسان ہونے کا احساس کیوں چھین لیا تھا؟گوگول ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ تہذیب کی عظمت بلند عمارتوں، شاہراہوں، بڑے عہدوں اور معاشی اعدادوشمار سے نہیں بلکہ اس بات سے طے ہوتی ہے کہ وہ اپنے سب سے کمزور انسان کے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے ۔ جس معاشرے میں ایک غریب شخص کی آواز سننے والا کوئی نہ ہو، وہاں ترقی کے تمام دعوے اخلاقی طور پر کھوکھلے ہیں۔The Overcoat دراصل ایک کوٹ کی کہانی نہیں، انسان کی بے قدری کی تاریخ ہے ۔ اکاکی مر گیا، اس کا اوورکوٹ بھی دنیا سے چلا گیا، مگر اس کے پیچھے رہ جانے والا سوال آج بھی زندہ ہے : اگر کسی انسان کی عزت اس کے لباس، دولت اور مرتبے سے مشروط ہے تو پھر انسان کی اپنی قدر آخر کہاں ہے ؟
٭٭٭


