آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
مفتی محمد وقاص رفیع
انشورنس کمپنی میں جمع کرائی گئی رقم پر زکوٰۃ ہوگی یا نہیں؟
سوال: میں ایک سرکاری ملازم ہوں، جس کی وجہ سے سرکاری طورپر جی پی ایف 2201سے کٹ رہاہے جس میں ہر مہینہ 5000 روپے تنخواہ سے کٹ جاتے ہیں تو کیا اس پر زکوٰۃ نکالی جائے گی یا نہیں؟ اور انشورنس کمپنی میں جمع کئے گئے پیسے پر زکوٰۃ ہوگی یا نہیں؟
جواب: جی پی فنڈ کے نام سے آپ کی تنخواہ سے سرکاری طور پر ماہانہ جو پانچ ہزارروپے کٹتے ہیں، آپ پر ان کی زکوٰۃ واجب نہیں کیوں کہ وہ شرعاً قبضہ اور وصول یابی سے پہلے ملازم کی کی ملکیت ہی میں نہیں آتے۔ اور دوسرے یہ کہ انشورنس کمپنی میں اصل جمع کردہ رقم پر ہر سال زکوٰۃ واجب ہوتی ہے، البتہ ادائیگی وصول یابی کے بعد ہی واجب ہوگی، اور تمام قسطیں مکمل ہونے کے بعد مدت مقررہ پر اصل رقم سے زائد جو رقم ملے گی، وہ چوں کہ سود اور ناجائز وحرام ہے؛ اس لیے اس پر زکوٰۃ واجب نہ ہوگی؛ بلکہ وہ رقم بلا نیت ثواب غربا ومساکین کو دے دینا ضروری ہوگا۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
خطبہ کے دوران چندہ کرنا کیسا ہے؟
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام کے جمعہ کے خطبے کے دوران ہماری مسجد میں عین عربی والے خطبے کے وقت چندہ مانگا جاتا ہے جس کی صورت یہ ہے کہ دو لڑکے کپڑا پکڑ کر صفوں میں چکر لگاتے ہیں کیا ایسا کرنا ٹھیک ہے؟مولوی صاحب سے پوچھنے پر جواب ملا کہ مسجد کے خرچے کیسے پورے ہوں گے، برائے مہربانی اس کا حل بتا دیں تاکہ ہم لوگو مولوی صاحب کو فتوی دکھا سکیں۔
جواب: خطبہ کے دوران چندہ کرنا شرعا جائز نہیں ہے، مسجد کے اخراجات کے لیے چندہ کرنا ضروری ہوتو اذانِ خطبہ سے پہلے یا بعد نماز جب لوگ سنن سے فارغ ہوجائیں، اس وقت کرلیا جائے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
پے ٹی ایم گولڈ کا استعمال کرنا کیسا ہے
سوال: کیا Paytm gold (پے ٹی ایم گولڈ) کا استعمال اسلام میں جائز ہے؟ ایک تو اس میں ۱یک روپیہ کا سونا بھی خریدا جا سکتا ہے۔ دوسرے خریدنے پر فوراً خریدنے والے کے نام پر بل جنریٹ ہو جاتا ہے۔ تیسرے اسے بیچا بھی جا سکتا ہے۔ چوتھے خریدے ہوئے سونا کو آرڈر دینے پر میکینک چارج کے ساتھ سکّے کے روپ میں گھر تک ڈیلیوری کیا جاتا ہے۔ پانچویں خریدے گئے سونے کو کسی رشتے دار کے اکاؤنٹ میں ہدیے کے طور پر ٹرانسفر کیا جا سکتا ہے، کیا اسمِ گولڈ خریدنے اور بیچنا جائز ہے؟
جواب: صورت مسؤلہ میں حکم شرعی کا مدار اس پر ہے کہ پے ٹی ایم گولڈ کے توسط سے سونا خریدنے کے بعد اگر مشتری اس پر شرعاً قابض ہوجائے، اس طرح کہ وہ سونا اپنے قبضہ اور تحویل میں اس طور پر لے لے کہ جب چاہے اسے اپنے استعمال میں لاسکے، یا آگے فروخت کرسکے تو اس کا استعمال جائز ہے، نیز خرید وفروخت بھی درست ہے، اور اگر مذکورہ طریقہ پر قبضہ نہیں پایا جاتا ہے تو پھر اس کی خرید و فروخت جائز نہیں ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
ایموجیس کے استعمال کا کیا حکم ہے؟
سوال: حضرت، مجھے یہ معلوم کرنا تھا کہ واٹس اَیپ یا سوشل نیٹ وَرک پر اس طرح کے ایموجیس کا استعمال کرنا کیسا ہے؟ اور کیا یہ ایموجیس شکل، تصویر میں داخل ہے؟
جواب: ایمو جی کی جن شکلوں میں سر،آنکھ، چہرہ ہوتا ہے، وہ شکلیں تصویر میں داخل ہیں، اُن کا استعمال ممنوع ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
میت کے بال کاٹنا کیسا ہے؟
سوال: اگر بالغ مرد یا عورت فوت ہو جائے اور اس کے عورت پر (زیر ناف) بال بڑے ہو تو کیا دوران غسل اس بال کو کاٹنا جائز ہے ہا نہیں؟
جواب: مرد یا عورت کے انتقال کے بعد کسی بھی قسم کے بال کاٹنا جائز نہیں ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
چاندی کی انگوٹھی میں کونسا پتھر پہننا چاہئے؟
سوال: چاندی کی انگوٹھی میں کون سا پتھر پہننا چاہئے؟ پتھر میری تاریخ پیدائش کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سا پتھر پہنا تھا؟
جواب: چاندی کی انگوٹھی میں نگینے کے طور پر کوئی قیمتی پتھر عقیق، یاقوت وغیرہ پہن سکتے ہیں، وہ پتھر، تاریخ پیدائش کے مطابق ہونا لازم نہیں، علامہ شامی رحمہ اللہ نے الاَفکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عقیق پتھر استعمال کیا ہے اور فرمایا ہے کہ عقیق پہنو کیوں کہ یہ مبارک (پتھر)ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
شوہر کی طرف سے بیوی کو دیا گیا سونا کس کی ملکیت ہوتا ہے؟
سوال: زید نے شادی میں اپنی بیوی کو پانچ 5 تولہ سونا دیا اب شادی کے بعد اس سونے پر کس کا حق ہے۔ زید کے والدین کا حق ہے۔ یا بیوی کا حق ہے۔یہ خود زید کا حق ہے۔ برائے مہربانی وضاحت کے ساتھ جواب مرحمت فرمائیں آپ کی عین نوازش ہوگی۔
جواب: زید نے شادی کے موقع پر بیوی کو جو سونا دیا ہے، اگر وہ بیوی کو مالک بناکر دیا ہے جیساکہ عموما شوہرکی طرف سے بیوی کو کچھ سونا مالک بناکر ہی دیا جاتا ہے تو یہ سونا بیوی کی ملک ہوگا، اس میں زید اور اس کے والدین کا حق نہیں ہوگا۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
آصفہ الماس نام رکھنا کیسا ہے؟
سوال: آصفہ الماس نام رکھنا کیسا ہے؟ کیوں کہ میں نے سنا ہے کہ آصفہ کا مطلب صفات سے ہے اور الماس پتھر کو کہتے ہیں۔ تو اس نام کا مطلب پتھر کی صفات تو نہیں ہوا؟اور اگر یہ نام صحیح نہیں ہے تو نام بدلنا ہو تو کیا سرٹیفکیٹ وغیرہ پر بھی بدلنا ضروری ہے یا صرف پکارنے میں بدل لینے سے ہی اچھے اثرات کا فائدہ ہو جائیگا؟ برائے مہربانی وضاحت فرمائیں۔
جواب: آپ نے جو سنا ہے کہ آصفہ کامطلب ‘‘صفات’’ ہوتا ہے، صحیح نہیں، آصفہ: یہ آصف (صاد کے زبر کے ساتھ)سے ہے، جو عبرانی زبان کا لفظ ہے اور مصدر کے معنی میں استعمال ہوتا ہے، یعنی: جمع کرنا، اکٹھا کرنا، ضبط کرنا، جیسے: خوشوں کو جمع کرنا، روپے یا مہمانوں کا جمع کرنا، میوہ اکٹھا کرنا، مہمانوں کو اپنے پاس رکھنا وغیرہ، نیز حضرت سلیمان علیہ السلام کے ایک وزیر کا نام ہے (فرہنگ آصفیہ، ۱: ۱۹)، اور الماس کے معنی: مطلق پتھر نہیں ہیں؛ بلکہ الماس ہیرے کو کہتے ہیں، جو نہایت چمکیلا اور قیمتی ہوتا ہے (فیروز اللغات، ص: ۸۱۱)؛ لہٰذا آصفہ الماس کے معنی: ‘‘پتھرکی صفات’’ نہیں ہیں؛ بلکہ اس کے یہ معنی ہوسکتے ہیں: الماس جیسی قیمتی اوصاف اور خوبیاں رکھنے والی؛ لہٰذا آصفہ الماس نام بدلنے کی ضرورت نہیں، اور اگر آپ اس سے بہتر کوئی دوسرا نام رکھنا چاہیں تو کچھ مضائقہ نہیں، جیسے: عائشہ، فاطمہ، رقیہ وغیرہ، اوراس صورت میں اگر سرٹیفکیٹ میں بھی تبدیلی ہوجائے تو بہتر ہے؛ ورنہ صرف پکارنے میں نام کی تبدیلی کافی ہے۔ فقط واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم
٭٭٭


