چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے
شیئر کریں
مقصد پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون میں اضافہ کرنا ہے، ایرانی حکام
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران دورے پر پہنچے ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق ان کے دورے کا تعلق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے بھی ہے تاہم اس کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے غیر ملکی میڈیا کو بتایاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں مذاکرات سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے تاہم توجہ زیادہ تر دوطرفہ تعلقات، روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر مرکوز رہے گی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں،دونوں ممالک کے درمیان اختلافات میں آبنائے ہرمز کا مستقبل بھی شامل ہے، جو عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری راستہ ہے۔پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے، تاہم ایرانی ترجمان کے بیان میں اس دورے کو بنیادی طور پر پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات سے جوڑا گیا ہے۔ دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور زیرِ بحث امور کی مزید تفصیلات سامنے آنے پر مذاکراتی کوششوں میں پیش رفت کی صورت حال واضح ہو سکے گی۔


