حیدرآباد پولیس عارف بلڈر کی خادم بن گئی
شیئر کریں
خودسوزی کی دھمکی دینے والے شہری پر مبینہ تشدد کے بعد حراست میں رام کر نے کی کوشش
ایس ایچ او کینٹ ، ایس ایس پی حیدرآباد کا مشکوک کردار ، متاثرہ شہری امین میمن کے الزامات
(رپورٹ:عبدالغفور سروہی)حیدرآباد میں معروف بلڈر عارف کے خلاف احتجاج کرنے والے قاسم آباد کے رہائشی امین میمن سے مبینہ پولیس رویے کے معاملے نے نئی صورتحال اختیار کر لی ہے ۔متاثر شہری امین میمن، جنہوں نے ایک روز قبل مبینہ ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خود کو آگ لگانے کی دھمکی دی تھی، دعویٰ کرتے ہیں کہ احتجاج کے دوران کینٹ پولیس نے انہیں ان کے معصوم بچوں کے سامنے نہ صرف حراست میں لیا بلکہ مبینہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔اس واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے متاثر شہری کو زبردستی لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق بعد ازاں ایس ایچ او کینٹ سکندر مصطفیٰ کنبہر نے متاثر ہ شہری اور ان کے ورثا سے ملاقات کی، جہاں مبینہ طور پر ان پر یہ دباؤ ڈالا گیا کہ وہ میڈیا کے سامنے یہ بیان دیں کہ پولیس نے ان کے ساتھ کوئی زیادتی یا ناانصافی نہیں کی۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نے ایسا بیان دینے سے گریز کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کی ویڈیوز خود تمام صورتحال واضح کر رہی ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد نے بھی متاثرہ شہری امین میمن کو طلب کر کے ان کا مؤقف سنا اور معاملے پر 48گھنٹے مانگتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کیس کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم متاثرہ شہری نے ایس ایس پی کے طرز عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس واقعی انصاف چاہتی تو بلڈر اور متاثرین کے درمیان باقاعدہ بیٹھک کرا کے مسئلے کے حل کی کوشش کی جاتی۔امین میمن کا کہنا تھا کہ بلڈر اور خریدار کے درمیان تنازع ایک الگ معاملہ ہے ، مگر ایک شہری کے ساتھ پولیس کا مبینہ ناروا رویہ اور طاقت کا استعمال زیادہ تشویشناک ہے ۔متاثر شہری نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں معاملہ خاموشی سے نمٹانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی، جس سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ تاحال کینٹ پولیس، ایس ایچ او سکندر مصطفیٰ کنبہر اور متعلقہ بلڈر کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔دوسری طرف ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق متاثرہ شہری امین میمن کو عارف بلڈرز کے حوالے سے کچھ شکایات اور تحفظات تھے ، جس پر انہوں نے گزشتہ رات خودسوزی کی کوشش کی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ریسکیو کیا، بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نسیم نگر منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کے مطابق متاثرہ شہری کی جانب سے مبینہ فریق کے خلاف درخواست وصول کر لی گئی ہے جبکہ معاملے کی جانچ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ متاثرہ شہری کے مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔


