میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دوا ساز کمپنی جنیٹکس کے ڈاکٹروں کے نام چیکس، طبی حلقوں میں تشویش

دوا ساز کمپنی جنیٹکس کے ڈاکٹروں کے نام چیکس، طبی حلقوں میں تشویش

جرات ڈیسک
بدھ, ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ڈاکٹروں کے نام پر 30ہزار سے 60لاکھ روپے تک رقوم، بینک چیکس اور اندرونی ای میلز

ادائیگیاں جائز خدمات کا معاوضہ تھیں یا نسخہ نویسی پر اثراندازی؟ غیر جانب دار تحقیقات کا مطالبہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دوا ساز کمپنی جنیٹکس ہیلتھ کیئر سے منسوب اندرونی ریکارڈ، برقی مراسلت اور بینک چیکس کی تصاویر نے ڈاکٹروں کے نام پر ہونے والی مالی ادائیگیوں کی نوعیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ جرأت کو حاصل دستاویزات میں ‘‘ڈاکٹروں کی تفصیلات’’ کے عنوان سے ایک فہرست شامل ہے جس میں سرگرمی نمبر، ڈاکٹر کا نام، شعبہ، رقم اور تاریخ درج ہے، جبکہ مختلف ناموں کے سامنے 30 ہزار سے 60لاکھ روپے تک کی رقوم دکھائی دیتی ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق ڈاکٹر روی کمار کے سامنے ایک لاکھ 70ہزار روپے ، طارق سوند کے سامنے ایک لاکھ 80 ہزار روپے ، کملیش کمار کے سامنے 30 ہزار روپے ، اے راشد منگی کے سامنے 39 ہزار 991روپے اور وسیم احمد کے سامنے دو لاکھ روپے درج ہیں۔ اسی فہرست میں غلام محمد ابڑو، آصف لغاری اور راجیش کمار کے سامنے 40،40 ہزار روپے جبکہ علی اکبر بھنڈ کے نام کے سامنے 60لاکھ روپے اور مارچ 2022ء کا اندراج موجود ہے ۔

دستاویزی مواد میں بینک الفلاح کا چیک نمبر 36609294 بھی شامل ہے جس پر 2 مارچ 2022ء کی تاریخ اور ایک لاکھ 80 ہزار روپے درج ہیں۔ وصول کنندہ کے خانے میں ‘‘ایم طارق’ لکھا دکھائی دیتا ہے جبکہ چیک پر جنیٹکس ہیلتھ کیئر کا نام موجود ہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ فراہم کردہ فہرست میں طارق سوند کے سامنے بھی ایک لاکھ 80ہزار روپے درج ہیں، تاہم صرف رقم کی مماثلت کی بنیاد پر دونوں دستاویزات کو ایک ہی شخص یا لین دین سے منسلک کرنا درست نہیں ہوگا۔ اصل بینکاری ریکارڈ، چیک کی وصولی اور متعلقہ افراد کے بیانات ہی اس معاملے کی حتمی تصدیق کرسکتے ہیں۔

ایک دوسری تصویر میں 10دسمبر 2021ء کے مزید تین چیکس بھی دکھائی دیتے ہیں جن میں گھنشام کے نام 30ہزار، رحمت اللہ کے نام 17 ہزار اور ہدایت اللہ میمن کے نام 50 ہزار روپے شامل ہیں۔معاملے کو مزید اہمیت 3 فروری 2023ء سے منسوب اس اندرونی برقی مراسلت سے ملتی ہے جس میں کمپنی سے وابستہ شاہزادہ انصر کی جانب سے شعبہ امراضِ قلب کی ٹیم کے سربراہان کو بعض ڈاکٹروں کی ‘‘سرگرمیوں کے چیکس’’ فراہم کرنے کا ذکر کیا گیا ہے تاکہ مالی معاملات نمٹائے جاسکیں۔

اسی مراسلت میں سابق علاقائی افسر جاذب جمال سے مطلوبہ معلومات اور جون و جولائی 2022ء کے چار دن کے زیرالتوا سفری اخراجات کو بھی مالی تصفیے میں شامل کرنے کا ذکر موجود ہے ۔ یہاں بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ ‘‘ڈاکٹر کی سرگرمی’’ سے مراد کیا تھی اور اس کے عوض ادائیگی کس مد میں کی گئی؟ کسی دوا ساز ادارے اور ڈاکٹر کے درمیان ہر مالی تعلق کو ازخود غیر قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

طبی تحقیق، سائنسی اجلاس، تربیت، لیکچر اور حقیقی مشاورتی خدمات کے عوض ضابطوں کے مطابق ادائیگیاں ہوسکتی ہیں۔ تاہم اگر کسی ادائیگی کا تعلق کسی مخصوص دوا کی نسخہ نویسی، فروخت بڑھانے یا تجارتی ہدف سے ثابت ہو تو معاملہ سنگین نوعیت اختیار کرسکتا ہے ۔ فارماسسٹ اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نور مہر کے مطابق ہر ادائیگی کا قانونی جواز اور مکمل حسابی ریکارڈ موجود ہونا چاہیے ، جبکہ ڈاکٹروں کی سرگرمیوں، کمپنی کے حسابات، بینک ریکارڈ، ادائیگیوں کی منظوری، سفری اخراجات اور سرکاری گوشواروں کو باہم ملا کر جانچنا ضروری ہے۔

سابق سیلز منیجر جاذب جمال کا دعویٰ ہے کہ کمپنی میں بعض مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیوں پر اعتراض کے بعد انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دعوے کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے۔ دوسری جانب جنیٹکس کی انتظامیہ، متعلقہ موجودہ و سابق افسران اور دستاویزات میں نام آنے والے معالجین کا مؤقف بھی حتمی تصویر واضح کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے ۔

مجاز حکام کے لیے ضروری ہوگا کہ ہر چیک، ہر ادائیگی اور ہر ‘‘ڈاکٹر سرگرمی’’ کا اصل مالی و پیشہ ورانہ ریکارڈ طلب کرکے یہ تعین کریں کہ رقوم کس مقصد کے لیے جاری ہوئیں اور آیا ان کا کسی دوا کی نسخہ نویسی یا فروخت سے کوئی تعلق تھا۔ محض فراہم کردہ دستاویزات کی بنیاد پر کسی شخص یا ادارے کو مجرم قرار نہیں دیا جاسکتا، تاہم ریکارڈ میں موجود مالی اندراجات ایسے سوالات ضرور اٹھاتے ہیں جن کا جواب غیر جانب دارانہ تحقیقات کے ذریعے سامنے آنا چاہیے ۔ادارہ متعلقہ کمپنی اور تمام نامزد افراد کو جواب دینے کے مکمل حق کو تسلیم کرتے ہوئے موقف دینے پر جوں کا توں شائع کرے گا۔ نیز اس ضمن میں روزنامہ جرأت کو حاصل تمام دستاویزات اور معلومات کی روشنی میں ایک مفصل رپورٹ جلد شائع کرے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں