سندھ بلڈنگ، پرانی عمارتوں پر خلافِ ضابطہ اضافی منزلیں
شیئر کریں
ناظم آباد نمبر 1کے پلاٹ F-5/8کی پرانی عمارت پر بالائی منزلوں کی تعمیر جاری
بلڈنگ افسران پر تعمیراتی ٹھیکیداروں کو رعایت دینے کے الزام، انسانی جانیں داؤ پر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وسطی ضلع میں پرانی عمارتوں پر مبینہ طور پر خلافِ ضابطہ اضافی منزلوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث انسانی جانوں کی سلامتی کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
روزنامہ جرأت کے سروے کے دوران ناظم آباد نمبر 1 میں پلاٹ F-5/8 کی ایک پرانی عمارت پر بالائی منزلوں کی تعمیر جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ عمارت پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے منظور شدہ نقشے ، تعمیراتی اجازت نامے اور متعلقہ قوانین کی پاسداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرانی عمارتوں کی ساخت اور بنیاد کو مدنظر رکھے بغیر اضافی منزلوں کی تعمیر عمارت کی مضبوطی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ، جبکہ کسی ممکنہ حادثے کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹ F-5/8 پر جاری تعمیرات کے حوالے سے شکایات سامنے آنے کے باوجود متعلقہ محکمے کی جانب سے مبینہ طور پر مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
بلڈنگ افسران پر تعمیراتی ٹھیکیداروں کو مبینہ طور پر رعایت دینے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ عمارت کا منظور شدہ نقشہ، تعمیراتی اجازت نامے اور موجودہ تعمیرات کا ریکارڈ فوری طور پر چیک کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر تعمیرات خلافِ ضابطہ ثابت ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور تعمیرات کو فوری طور پر روکا جائے ۔شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ شکایات کے باوجود کارروائی نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے کردار کی بھی تحقیقات کی جائیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اطلاعات ملنے کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر اقدام کیوں نہیں کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے ڈائریکٹر فہیم صدیقی سے مطالبہ کیا ہے کہ وسطی ضلع میں پرانی عمارتوں پر جاری اضافی تعمیرات کا جامع سروے کرایا جائے اور تمام متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے ، تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے قبل خلافِ ضابطہ تعمیرات کا سدباب کیا جاسکے ۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تعمیراتی قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔
سندھ بلڈنگ


