پی ٹی آئی کو کراچی میں جلسے کی اجازت نہ ملی، شاہراہ قائدین پر جلسہ منسوخ
شیئر کریں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ٹول پلازہ پر کارکنوں سے خطاب، حکومت سندھ پر سخت تنقید
بلاول بھٹو نے کراچی آنے پر خوش آمدید کہا، تاہم ہمارے راستے بند کردیئے گئے اور ہمیں کچے کے راستے سے آنا پڑا، سہیل آفریدی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کو شاہراہ قائدین کراچی پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باعث جلسہ منسوخ کردیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی قافلے کے ہمراہ موٹر وے کے راستے کراچی پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رات گئے کراچی ٹول پلازہ پہنچے جہاں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی آنے پر خوش آمدید کہا، تاہم ہمارے راستے بند کردیئے گئے اور ہمیں کچے کے راستے سے آنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ کیا وزیراعلیٰ سندھ پر کسی اور کا حکم چلتا ہے یا یہاں کسی اور کی حکومت ہے؟ کراچی ہمیشہ مظلوم رہا ہے، ہر کوئی کراچی کو کھاتا ہے جبکہ دو خاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کو شاہراہ قائدین پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد سہیل آفریدی کراچی ٹول پلازہ سے روانہ ہوگئے۔ ان کی روانگی کے بعد ایم نائن موٹر وے، سہراب گوٹھ، ایم اے جناح روڈ، شاہراہ قائدین اور راشد منہاس روڈ سمیت مختلف سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، جس کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔
یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔اس سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی آنا چاہتی ہے تو آجائے، تاہم ایک بات یاد رکھیں کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا جلسہ ہو تو بھی سڑکوں پر کنٹینرز لگائے جاتے ہیں، یہ کنٹینرز سیاسی کارکنوں کا راستہ نہیں روک سکتے۔


