میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی، بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج، مظاہرین کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی

کراچی، بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج، مظاہرین کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی

جرات ڈیسک
پیر, ۲۴ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

منگھوپیر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس پر پتھراؤ، زخمی اہلکار اسپتال منتقل

ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت جاری

……………….

منگھوپیر کے علاقے نیو ناظم آباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کے احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کردیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا۔پولیس کے مطابق نیو ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے منگھوپیر روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی بھی متاثر کردی، جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس حکام کے مطابق احتجاج کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بعض مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا۔ پتھراؤ کی زد میں آکر ہیڈ کانسٹیبل سعد الرحمان، کانسٹیبل غلام رسول اور کانسٹیبل شہباز علی زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس حکام نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور سرکاری اہلکاروں کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے موقع پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے پتھراؤ میں ملوث افراد کی شناخت شروع کردی ہے۔حکام کے مطابق اہلکاروں کو زخمی کرنے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ احتجاج کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں