میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کوئی مائی کا لعل ریاست کو نہیں ڈرا سکتا، دہشت گردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے،ترجمان پاک فوج

کوئی مائی کا لعل ریاست کو نہیں ڈرا سکتا، دہشت گردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے،ترجمان پاک فوج

جرات ڈیسک
بدھ, ۸ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا نہیں دکھا سکتی،بلوچستان میں 4 روز میں دہشتگردی کے 3 بڑے واقعات ہوئے، یہ سب ہندوستان کروا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

مجموعی طور پر 54 دہشت گرد ہلاک ہوئے، وطن کے دفاع میں 27 پولیس اور 11 فوجی اہلکار سمیت 4 شہری شہید، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو آخری انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مائی کا لعل ریاستِ پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو ہر جگہ نشانہ بنائیں گے، فتنہ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ لوگ صرف اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں،

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بغیر کسی وقفے کے بلا تعطل جاری رہیں گی، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا کہ طالبان رجیم دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے کھلے عام استعمال ہو رہی ہے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی بھرپور پشت پناہی کر رہا ہے، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے دشمن ان دہشت گرد کارروائیوں میں براہِ راست ملوث ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے انتہائی سخت اور جاندار لہجے میں عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر صورت کامیابی ہوگی کیونکہ ہم حق پر ہیں، کوئی مائی کا لعل ریاستِ پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نیچا نہیں دکھا سکتی،

ریاستِ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے مقامی و بین الاقوامی سہولت کاروں کا ہر سطح پر تعاقب جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ لڑی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں