سندھ بلڈنگ، ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات بے لگام، محکمہ خاموش
شیئر کریں
بلاک جے کے پلاٹ نمبر 11/1اور 11/5 پر کمزور بنیادوں پر اضافی منزلیں تعمیر
ڈائریکٹر الطاف کھوکھر کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے بجائے سرپرستی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد نمبر 1، بلاک J میں واقع پلاٹ نمبر 11/1 اور 11/5 ایک بار پھر مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں مقامی رہائشیوں کے مطابق کمزور بنیادوں والی پرانی عمارتوں پر دھڑلے سے اضافی منزلیں تعمیر کی جا رہی ہیں،جبکہ متعلقہ ادارے تاحال خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر ان عمارتوں کی بنیادیں پہلے ہی مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اترتیں تو ان پر مزید منزلوں کی تعمیر کسی بھی وقت بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے آس پاس رہنے والے درجنوں خاندانوں کی زندگیوں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔
سندھ بلڈنگ، گلبرگ ٹاؤن تعمیراتی مافیا کے نرغے میں، کھلی خلاف ورزیاں
رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی متعلقہ ڈائریکٹر الطاف کھوکھر کی موجودگی میں مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات کو روکنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث بلڈنگ قوانین کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی ممکنہ حادثے کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔متاثرہ شہریوں نے وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تعمیراتی سرگرمیاں رکوا کر آزادانہ تکنیکی معائنہ کرایا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔متعلقہ افسران سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر خبر کی اشاعت تک رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔موقف موصول ہونے پر شامل اشاعت کیا جائے گا۔
(نمائندہ جرات)



