سندھ بلڈنگ، غیر قانونی تعمیرات کا راج، رہائشی علاقے میں کمرشل منصوبے
شیئر کریں
اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز شیخ کی چشم پوشی پر سوالات ،شہریوں کا فوری کارروائی کا مطالبہ
بلاک 3میں غیر قانونی تعمیرات ، پلاٹ اے 7/16 پر کمرشل تعمیر ات تیزی سے جاری
دہلی مرکنٹائل کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایم سی ایچ ایس) کے بلاک 3 کے رہائشیوں نے علاقے میں مبینہ غیر قانونی اور تجارتی تعمیرات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی خاموشی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ مکینوں کے مطابق رہائشی پلاٹوں پر قوانین کے برعکس اضافی منزلیں، پورشنز اور کمرشل تعمیرات تیزی سے جاری ہیں، جبکہ ذمہ دار ادارے مؤثر کارروائی سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز شیخ کی مبینہ چشم پوشی اور ملی بھگت کے باعث تعمیراتی مافیا بلا خوف و خطر بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ ان کے مطابق متعدد بار شکایات اور درخواستیں جمع کرانے کے باوجود غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، جس سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور شفافیت پر سنجیدہ سوالات جنم لے رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے خصوصی طور پر بلاک 3کے پلاٹ نمبر اے 7/16پر جاری کمرشل تعمیرات کو رہائشی قوانین اور ماسٹر پلان کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اس تعمیر کو مسمار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ مذکورہ پلاٹ صرف رہائشی مقاصد کے لیے مختص ہے ، اس کے باوجود وہاں تجارتی نوعیت کی تعمیر جاری رکھنا قانونی ضوابط کی خلاف ورزی ہے ۔شہریوں نے علاقے میں نصب احتجاجی بینرز کے ذریعے چیف جسٹس آف پاکستان، کور کمانڈر کراچی، چیئرمین نیب، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات سندھ، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور چیئرمین ڈی ایم سی ایچ ایس سے معاملے کا فوری نوٹس لینے ، غیر قانونی تعمیرات رکوانے اور مبینہ طور پر ذمہ دار افسران و عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ نہ روکا گیا اور ذمہ دار افراد کا احتساب نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رہائشی علاقوں کی اصل حیثیت بحال کرنے ، شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور غیر جانبدارانہ آپریشن کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔(نمائندہ جرأت)


