میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سرکاری زمین دے گدو بندر سروے نمبر 168پر چائنا کٹنگ

سرکاری زمین دے گدو بندر سروے نمبر 168پر چائنا کٹنگ

ویب ڈیسک
پیر, ۱ جون ۲۰۲۶

شیئر کریں

ببلو قائم خانی اور سابق کونسلر اصغر، ناصر ، پرشہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کے الزامات
مختیارکار لطیف آباد کا اینٹی انکروچمنٹ پولیس کو فوری کارروائی کا حکم، غیر قانونی تعمیرات جاری

حیدرآباد کے علاقے دیہہ گڈو بندر، تعلقہ لطیف آباد میں سرکاری زمین پر مبینہ چائنا کٹنگ، غیر قانونی تعمیرات اور شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے ، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور اینٹی انکروچمنٹ فورس بھی حرکت میں آ گئی ہے ۔مختیارکار تعلقہ لطیف آباد کی جانب سے جاری سرکاری مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سروے نمبر 168کی سرکاری اراضی پر ایک بار پھر قبضہ مافیا سرگرم ہو چکا ہے اور مبینہ طور پر غیر قانونی مکانات، ہوٹل اور چار دیواری تعمیر کی جا رہی ہے ۔ مراسلے میں اینٹی انکروچمنٹ پولیس حیدرآباد کو فوری کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوانے اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سرکاری دستاویز کے مطابق حالیہ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران مذکورہ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی تھی، تاہم چند روز بعد ہی نامعلوم افراد نے دوبارہ تعمیرات شروع کر دیں۔ مختیارکار اور متعلقہ تپیدار نے موقع کا دورہ کیا تو صورتحال دیکھ کر تعمیراتی کام فوری طور پر رکوا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس معاملے نے اس وقت مزید سنگین رخ اختیار کیا جب محمد شعیب ولد محمد رمضان نے ایس ایس پی حیدرآباد کو دی گئی اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ مبینہ چائنا کٹنگ میں ملوث ببلو قائمخانی اور سابق کونسلر اصغر نے اس سے چار لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی، مگر نہ پلاٹ دیا اور نہ ہی رقم واپس کی جا رہی ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔دوسری جانب بزرگ شہری خدا بخش ملاح نے بھی مختلف سرکاری محکموں کو تحریری درخواستیں دے کر سرکاری زمین پر جاری مبینہ چائنا کٹنگ اور جعلسازی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو جعلی پلاٹوں اور غیر قانونی اسکیموں کے نام پر عوام کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹ رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور سخت کارروائی نہ کی گئی تو سرکاری زمینوں پر قبضوں کا یہ سلسلہ مزید پھیل سکتا ہے ۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ قبضہ مافیا، چائنا کٹنگ میں ملوث عناصر اور سرکاری زمینوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مزید شہری دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکیں۔مراسلے کی نقول ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حیدرآباد، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد اور متعلقہ تپیدار کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کی نظریں اب ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی عملی کارروائی پر مرکوز ہیں۔(نمائندہ جرأت)


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں