دہشت گرد بزدلانہ حملوںسے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے،صدر مملکت ، وزیراعظم
شیئر کریں
چارسدہ میں مولانا ادریس کی شہادت پر آصف زرداری اورشہباز شریف کا اظہارِ افسوس
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی عزم غیر متزلزل، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئیدعا کی
چارسدہ میں جے یو آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملے کے نتیجے میں ان کی شہادت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایسے بزدلانہ دہشت گردانہ اقدامات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، اور وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملے اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔


