محنت کش طبقہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،مراد علی شاہ
شیئر کریں
سندھ پہلا صوبہ جہاں زرعی مزدوروں کے حقوق کو قانونی تحفظ دیا گیا، دنیا بھر کے محنت کشوں کو سرخ سلام پیش
بینظیر مزدور کارڈ جیسے اقدامات کے ذریعے لاکھوں مزدور خاندانوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، وزیراعلی
سید مراد علی شاہ نے یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت مزدور دوست پالیسیوں کے ذریعے محنت کشوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور سندھ کے مزدوروں نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن شکاگو کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کے جفاکش مزدوروں سے عہدِ وفا کا دن بھی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے مزدوروں کے استحصال کے خاتمے کے لیے سندھ اسمبلی کے ذریعے تاریخی قانون سازی کی ہے، جبکہ بینظیر مزدور کارڈ جیسے اقدامات کے ذریعے لاکھوں مزدور خاندانوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مزدوروں کی کم از کم اجرت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں زرعی مزدوروں کے حقوق کو قانونی تحفظ دیا گیا، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول کے منصوبوں سے لے کر کراچی کی صنعتوں تک ترقی کا ہر پہیہ مزدور کی محنت اور عزم سے چل رہا ہے۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا منشور دراصل محنت کش طبقے کی خوشحالی سے جڑا ہوا ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی امن اور معاشی استحکام مزدوروں کی فلاح و بہبود کے بغیر ممکن نہیں۔مراد علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کش طبقہ ان کا دست و بازو ہے اور ان کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیم اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے مزدوروں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی دعائیں اور ان کی شب و روز محنت ہی سندھ کی ترقی کا اصل راز ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


