قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،پاکستان کے چیلنجز پرریاست کے ساتھ ہیں،عمران خان
شیئر کریں
تحریک انصاف ملک، ریاستی اداروں اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، پاکستانی قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی،بانی پی ٹی آئی کا بھی یہی پیغام ہے ،بیرسٹر گوہر
پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر اس کے دشمن ہی ناخوش ہوں گے، ہم بھی خوش مگر چاہتے ہیں اپنوں کو نہ جوڑ کے دوسروں کی صلح کراکے ملک ترقی نہیں کرسکتا، میڈیا سے گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کے چیٔرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو اللہ نے دوسرا موقع دیا ہے اورعمران خان کا بھی یہی پیغام ہے کہ جب بھی پاکستان کی بات ہو تو سب ریاست اور ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے باوجود قومی اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک، ریاستی اداروں اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی 2025 میں پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا تھا کہ پاکستانی قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ان کے مطابق موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر اس کے دشمن ہی ناخوش ہوں گے، ہم بھی خوش مگر چاہتے ہیں اپنوں کو نہ جوڑ کے دوسروں کی صلح کراکے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اسیران کی فیملیز سے ملاقات ہوئی نورین نیازی سے بھی ملاقات ہوئی ہم عمران خان اور بشری بی بی کی رہائی کے لیے کوششیں کررہے ہیں، بشری بی بی چونکہ بیمار ہیں اس لیے ہم چاہتے ہیں ان کی رہائی جلد ہو، ہم نے بشری بی بی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔


