25 اور 26 اپریل کو کشمیر ،یکم مئی کو لاہور میں بڑا عوامی جلسہ ہوگا،سہیل آفریدی
شیئر کریں
خیبر پختونخواہ اسمبلی کا آئندہ اجلاس گراؤنڈ میں ہوگا، مردان کیلئے 50 ارب کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان
بانی پی ٹی آئی کی توجہ کارکنوں پر مرکوز، انہیں عدالتوں سے زیادہ امید نہیں، وزیراعلیٰ کاعوامی جلسے سے خطاب
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کا آئندہ اجلاس روایتی ہال کے بجائے گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 25 اور 26 اپریل کو کشمیر جبکہ یکم مئی کو لاہور میں بڑے عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال حکمرانوں کی ناکام پا لیسیوں کا نتیجہ ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں صوبے میں امن قائم تھا۔ انہوں نے مردان کے عوام کے لیے 50 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سڑکوں، پلوں، ایلیمنٹری اسکولز، آبپاشی منصوبوں اور ڈیمز کی تعمیر شامل ہوگی، اور یہ پیکیج ضلع کی تمام تحصیلوں میں یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ مردان میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، جبکہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹ کا منفی میں جانا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوئی ذاتی حیثیت نہیں بلکہ انہیں یہ مقام بانی پی ٹی آئی کی بدولت ملا ہے، اور صوبے میں پہلی مرتبہ ایک مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والا وزیراعلیٰ سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پالیسی بانی پی ٹی آئی نے 2002 میں شروع کی تھی جس پر آج دنیا عمل کر رہی ہے اور یہ پالیسی وقت سے بہت آگے کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی توجہ کارکنوں پر مرکوز ہے اور انہیں عدالتوں سے زیادہ امید نہیں۔


