میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تحریک انصاف کا راولپنڈی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کا راولپنڈی میں جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۹ اپریل ۲۰۲۶

شیئر کریں

جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد موزوں وقت پر کیا جائے گا، اعلامیہ
بانیچیئرمین کے پیغام میں واضح ہدایت دی گئی سب سے پہلے پاکستان ، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیٔرمین بیرسٹر گوہر نے آج (جمعرات کو) راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیاہے۔ چیٔرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ ہم اپنا جلسہ ملتوی کر رہے ہیں،جنگ میں ایک ہفتہ کیا ایک دن بھی لمبا ہو جاتا ہے،ایسا وقت آتا ہے جب قوموں کو ایک ہو کر سامنے آنا پڑتا ہے،سیزفائرکو ویلکم اور کردار ادا کرنے والوں کو سراہتے ہیں۔ بیرسٹرگوہرعلی خان نے کہا کہ امید کرتے ہیں سیزفائر مستقل ہو گا اور کوئی خلاف ورزی نہیں کرے گا،ہر پاکستانی خلیج میں امن کا خواہاں ہے،ہماری حکومت کے خلاف چارج شیٹ بہت لمبی ہے،محمود اچکزئی کی سربراہی میں ہمارا اجلاس ہوا ہے،آج وکیل کی ملاقات ہو گئی،عدالت کے فیصلے پر بہت عرصے بعد عملدرآمد ہوا۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، امین الحق، سید نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف پر مشتمل حکومتی وفد نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات میں لیاقت باغ کا مجوزہ جلسہ جمعہ کو متوقع ایران امریکا مذاکرات کے پیش نظر ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیٔرمین پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی وحدت اور یگانگت کا پیغام دینا نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ”کوئی پاگل ہوگا جو پاکستان کو یہ موقع ملنے پر خوش نہ ہو” اور اس عمل کو خیر کا کام قرار دیتے ہوئے غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے عالمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انا کا مسئلہ تھا اور ان کا خیال تھا کہ ایران سرنڈر کر جائے گا، تاہم ایران نے ”اسلام کی لاج رکھی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک صدر تہذیب ختم کرنے کی بات کرتا ہے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ حکومتی وفد نے تحریک تحفظ آئین پاکستان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات میں 9 اپریل کو لیاقت باغ کا جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس سے اتفاق کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے مجوزہ جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جو عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ‘اس اہم بین الاقوامی تناظر، علاقائی صورتحال اور پورے خطے کو جنگ کے اثرات سے بچانے کی سفارتی کوششوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، پولیٹیکل کمیٹی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں بانی چیٔرمین کی ہدایات کی روشنی میں متفقہ طور پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی چیٔرمین کا پیغام موصول ہوا ہے جس میں واضح ہدایت دی گئی کہ سب سے پہلے پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی قومی مفاد اور دھرتی کا معاملہ آتا ہے، پارٹی ہر اختلاف سے بالاتر ہو کر ملک کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ طویل ہے، تاہم اس وقت اہم ترجیح قومی یکجہتی اور امن ہے۔ پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق بانی عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام بھجوایا تھا، جس کا اظہار چیٔرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں