ڈونلڈ ٹرمپ کو سیلوٹ مارنیوالے کو وزیراعظم نہیں مانتے، سہیل آفریدی
شیئر کریں
افغانستان پر جو بند کمروں میں پالیسی بناتے ہیں ہم اس پر تنقید کریں تو کہتے ہیں افغانستان چلے جاؤ، وزیراعلیٰ
جب ہم کہیں ایران کے معاملے میں قوم کو اور پارلیمان کو اعتماد میں لو تو کہتے ہیں ایران چلے جاؤ، پشین میں خطاب
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم ایک غیرت مند قوم ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کو سیلوٹ مارنے والے کو وزیراعظم نہیں مانتے، ان لوگوں نے ہمیشہ انگریزوں کی غلامی کی ہے۔ صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان پر جو یہ بند کمروں میں پالیسی بناتے ہیں ہم اس پر تنقید کریں تو ہمیں کہتے ہیں افغانستان چلے جاؤ، جب ہم کہیں کہ ایران کے معاملے میں قوم کو اور پارلیمان کو اعتماد میں لو تو کہتے ہیں ایران چلے جاؤ، یہ پاکستان تمہارے باپ کا ہے؟ یہ پاکستان میرا ہے، میں ہوں اس پاکستان کا مالک، میں ہوں پاکستان کا عام شہری اور پاکستان کا عام شہری ہی ریاست ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ایک غیرت مند قوم ہے ڈونلڈ ٹرمپ کو سیلوٹ مارنے والے کو وزیراعظم نہیں مانتے، ان لوگوں نے ہمیشہ انگریزوں کی غلامی کی ہے، پاکستان میں صرف ایک لیڈر ہے جس پر پورا پاکستان متفق ہے جو قومی یکجہتی کی علامت ہے، وہ اڈیالہ جیل میں ناحق قید ہے، اس کا نام عمران احمد خان نیازی ہے، ہم نے اس کے لیے گولی بھی کھانی ہے، ہم نے اس کے لیے روڈوں پر بھی نکلنا ہے، انشائاللہ اس بار نکلیں گے تو سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ ہی ہم بوٹ پالشی ہیں اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ہرا سکتی ہے، نہ ہی کوئی دنیا کی طاقت ہمیں خرید سکتی ہے، ہم لوگ آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، آپ نے صرف ہم پہ اعتماد رکھنا ہے، تحریک انصاف کا اور عمران خان کا ورکر بزدل نہیں ہو سکتا، اپنے ورکرز کی بہادری پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔


