کراچی کو وفاق کو دینے والوں کو وفاق نے دھوکہ دے دیا،آفاق احمد
شیئر کریں
28ویں ترمیم کے زریعے حق دینے کا وعدہ بھی ڈھونگ نکلے گا،چیئر مین مہاجر قومی موومنٹ
متحدہ ہینڈلرزکے حکم کے بغیر کوئی حکومت سے علیحدہ نہیں ہوگی،سحری کی تقریب سے مختصر خطاب
چیئر مین آفاق احمد نے گزشتہ شب سحری کی تقریب میں مہاجروں کو درپیش مسائل پر مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں مصنوعی قیادت مسلط کرکے سندھ کے شہری عوام کو حقوق کی جدوجہد سے دور رکھنے کی سازش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس جماعت نے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کی وفاق سے اس جماعت کا گورنر تک برداشت نہ ہوا،جس وفاق نے سندھ کی شہری آبادی کو آدھا گن کر آدھی آبادی کو انکے بنیادی حقوق تک سے محروم کردیا،اس وفاق سے 28ویں ترمیم میں مہاجروں کو انکے حقوق دینے کے وعدوں پر یقین کرنا سراب کے پیچھے بھاگنے کے مترادف ہوگا، سندھ کے شہری علاقوں پر مسلط کی گئی کٹھ پتلی قیادت میں حکومت سے علیحدگی کی جرات نہیں ہے،یہ لوگ اپنے ہینڈلرزکی مرضی اور حکم کے بغیر حکومت سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ مہاجر وں کے ساتھ ہونے والی تمام ناانصافیوں اور مظالم کے خلاف مہاجر عوام اپنے ووٹ کو اپنا ہتھیار بنالیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری جدوجہد حق سچ کی جدوجہد ہے،ہم اپنی آنے والی نسلوں کومایوسی اور غلامی کے اندھیروں میں چھوڑکر نہیں جائینگے۔


