میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سات ماہ میں مجموعی بیرونی قرضہ ایک ہزار 458 ارب تک پہنچ گیا

سات ماہ میں مجموعی بیرونی قرضہ ایک ہزار 458 ارب تک پہنچ گیا

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۲ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کا قرض اسی دورانیے میں پچھلے سال کے مقابلے میں 12.7 فیصد زیادہ ہے

رواں مالی سال نئے قرض، رول اوورز کی مد میں 25ارب ڈالر ملنے کا تخمینہ

متحدہ عرب امارات کی جانب سے دو ارب ڈالر قرض رول اوور ہونا ابھی باقی ہے، اقتصادی امورڈویژن حکام

پاکستان نے رواں مالی سال 2025-26کے پہلے 7ماہ (جولائی تا جنوری)کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار 458ارب روپے کا نیا بیرونی قرضہ لیا ہے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے 12.7فیصد زیادہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن حکام نے بتایاہے کہ پاکستان نے نئے قرضے، رول اوور،عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)کی قسط سمیت مجموعی طور پر دو ہزار 857ارب روپے حاصل کیے ہیں جس سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ ہو گیاہے۔

حکام نے بتایا کہ جولائی تا جنوری 5 ارب 17کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا گیا، سعودی عرب نے 3ارب ڈالر، چین نے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور بھی کیا،

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط بھی حاصل ہوئی اور عالمی اداروں نے 7ماہ میں دو ارب 12کروڑ ڈالر فراہم کیے، اسی طرح جولائی تا جنوری 2026اے ڈی بی نے 62کروڑ 45لاکھ ڈالر فراہم کیے،

اس دوران عالمی بینک نے پاکستان کو 60کروڑ 80لاکھ ڈالرقرض دیا۔ حکام نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 70کروڑ 53لاکھ ڈالر ، چین نے پاکستان کو 26کروڑ 94لاکھ ڈالر قرض دیا،

نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے تحت ایک ارب 48کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ اس دوران آئی ایم ایف سے 20کروڑ 95لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔ آئی ایم ایف سے توسیع فنڈز سہولت کے تحت ملنے والے فنڈز اس کے علاوہ ہیں،

پاکستان نے 7ماہ میں بجٹ سپورٹ کیلئے 51کروڑ 87لاکھ ڈالر حاصل کیے ،نان پراجیکٹ ایڈ 92کروڑ، پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 53کروڑ 62لاکھ ڈالر ملے۔

اقتصادی امور ڈویژن حکام نے بتایا کہ رواں مالی سال نئے قرض، رول اوورز کی مد میں 25ارب ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے دو ارب ڈالر قرض رول اوور ہونا ابھی باقی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں